ایک نیوز:نیندکےدورانیےمیں معمولی کمی دل کی بیماری کاشکاربناسکتی ہے،تحقیق میں اہم انکشاف سامنےآگیا۔
تفصیلات کےمطابق نیندکےدورانیےمیں معمولی کمی بھی دل کی صحت کیلئےنقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔
امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند کا دورانیہ7 گھنٹے سے معمولی کم ہونا بھی نقصان دہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ محض6 ہفتے تک نیند کی کمی سے دل کی شریانوں میں موجود خلیات کو تکسیدی تناؤ کا سامنا ہوتا ہے۔ تکسیدی تناؤ کے باعث خلیات نقصان دہ مالیکیولز کی صفائی کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔اس کے نتیجے میں خلیات ناکارہ ہونے لگتے ہیں اور امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ یہ پہلی بار ہے جب شواہد سے معلوم ہوا کہ نیند کے دورانیے میں معمولی کمی بھی امراض قلب کا شکار بنا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ نیند کی معمولی کمی کس حد تک امراض قلب کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔
اس تحقیق میں35 صحت مند خواتین کو شامل کیا گیا تھا جو ہر رات7 سے8 گھنٹے سونے کی عادی تھیں۔اس کے بعد پہلے مرحلے میں6 ہفتوں تک ان خواتین کو معمول کے مطابق سونے دیا گیا جس کے بعد دوسرے مرحلے میں6 ہفتوں تک انہیں ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے بستر پر جانے کی ہدایت کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ چند ہفتوں کے لیے بھی نیند کے معمولات بگڑنے سے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔