لاہور: شاہنواز وہیلر کے قتل کا ڈراپ سین ، مرکزی ملزم گرفتار

لاہور: شاہنواز وہیلر کے قتل کا ڈراپ سین ، مرکزی ملزم گرفتار
کیپشن: لاہور: شاہنواز وہیلر کے قتل کا ڈراپ سین ، مرکزی ملزم گرفتار

ایک نیوز نیوز: (رپورٹر؛ بلال ظفر)  لاہور کے علاقےشفیق آباد میں شاہنواز نامی ون ویلر کے قتل کا ڈراپ سین ، پولیس نے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم جہانزیب عرف شاپر سمیت 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق  لاہور کے شفیق آباد انویسٹی گیشن پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مرکزی ملزم جہانزیب شاپر   کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم جہانزیب کے والد اور بھائی پہلے سے ہی پولیس کی حراست میں موجود ہیں۔

مقتول شاہنواز  کے قتل کی اندرونی کہانی:

واضح رہے کہ ملزم جہانزیب عرف شاپر اور مقتول شاہنوازکے درمیان کچھ عرصہ قبل ون ویلنگ کے معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔ جھگڑے کے بعد مقتول شاہنواز راولپنڈی چلا گیا۔ بعدازاں   ملزمان نے مقتول کو صلح کے لیے لاہور بلایا ۔

 شاہنواز  لاہور  واپس آنے  کے  کچھ روز بعد دوستوں کے ساتھ ون ویلنگ کیلئے ڈیفنس  گیا  تو اطلاع ملنے پر ملزمان بھی شاہنواز کے پیچھے ڈیفنس پہنچ گئے اور وہاں جاکر فائرنگ کی لیکن شاہنواز معجزانہ طور پر بچ گیا اور خیر و عافیت کیساتھ گھر پہنچ گیا۔

معاملے کا علم ہونے پر مقتول کے بھائی یوسف نے ملزم جہانزیب کے والد کیساتھ صلح صفائی کیلئے بات چیت کی اور  پنچائیت بلوائی۔

یاد رہے کہ پنچائیت ملزم جہانزیب کے گھر بلوائی گئی تھی جہاں شاہنواز اپنے بھائی یوسف کی بجائے دوستوں کے ساتھ  پہنچ گیا۔  دوران پنچائیت ایک بار پھر نوک جھوک کا واقعہ پیش آیا  اور ایک بار پھر شاہنواز شاپر  سمیت ساتھی ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کی زد میں آکر مقتول شاہنواز  موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

بعدازاں ملزم  جہانزیب عرف شاپر  موقع سے فرار ہو گیا ۔

ملزم جہانزیب عرف شاپر کا موقف:

زیرحراست ملزم جہانزیب شاپر نے ایک نیوز  نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے  بتایا  ہے کہ مقتول شاہ نواز اور اسکے دوست میرے گھر صلح کیلئے بلکہ  قتل کرنے آرہے تھے ۔ میں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی جس سے شاہنواز جاں بحق ہوگیا۔ میں شاہنواز کے قتل  پر شرمندہ ہوں اور معافی مانگتا ہوں ۔