چین تائیوان مسئلےکےحل کیلئےجامع پالیسی نافذ کرے گا:شی جن پنگ

Oct 17, 2022 | 09:18 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ مسئلہ تائیوان حل کرنا چین کا معاملہ ہے ،اسے چین کو ہی حل کرنا چاہیے، تائیوان سے دوبارہ پُرامن اتحاد کی پُرخلوص کوششیں جاری رکھیں گے لیکن طاقت کے استعمال سے بھی دستبردار نہیں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کی بیسویں نیشنل کانگریس کے آغاز پر افتتاحی خطاب میں چینی صدر کا کہنا تھا کہ تائیوان کے معاملے میں تمام ضروری اقدامات کا اختیار محفوظ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طاقت کا استعمال بیرونی مداخلتوں اور علیحدگی پسندوں کی سرگرمیوں کے لیے ہے،طاقت کا استعمال ہمارے تائیوانی ہم وطنوں کے لیے نہیں، چین نے ہمیشہ تائیوانی ہم وطنوں کا خیال رکھا اور انہیں فائدہ پہنچایا ہے، تائیوان سے معاشی اور ثقافتی تعاون جاری رکھیں گے۔

بعد ازاں چینی صدر شی جن پنگ کے بیان پر تائیوان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تائیوان اپنی خودمختاری سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ 
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تائیوان کے ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ تائیوان اپنی آزادی اور جمہوریت پر سمجھوتا نہیں کرے گا، تائیوانی عوام چین کے ایک ملک دو نظام نظریے کی مخالفت کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ آبنائے تائیوان اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی ذمہ داری دونوں فریقین پر عائد ہوتی ہے۔

مزیدخبریں