حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت پر گامزن ہے:وزیر خزانہ 

حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت پر گامزن ہے:وزیر خزانہ 
کیپشن: The economy is moving in the right direction with government initiatives: Finance Minister

ایک نیوز:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے،آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں کے ساتھ رابطہ رہتا ہے، حکومتی اقدامات سے معیشت درست سمت پر گامزن ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،چاروں وزرائے اعلیٰ نے معیشت کی بہتری کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے،مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے، حکومتی اقدامات کے معیشت پر مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں،زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے،عالمی مالیاتی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے،گزشتہ دنوں آئی ایم ایف وفد پاکستان آیا۔
وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف وفد کے ساتھ حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا، معیشت کی بہتری کے لئے مقررہ اہداف حاصل کریں گے،تمام شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے ،ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جا رہا ہے،ملکی بہتری کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،وزیر اعظم جلد معاشی روڈ میپ عوام کے سامنے رکھیں گے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کا چیلنج در پیش ہے، موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا،سکولوں سے باہر بچوں میں سب سے زیادہ تعداد بچیوں کی ہے،ملک کے مستقبل کیلئے بچوں کی بہتر نشوونما کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔