ایک نیوز :صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 6 نومبر، 29 اور 18 اکتوبر کو مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے ورثاء سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے شہداء کو وطن پر جان نچھاور کرنے پر قوم کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا، صدر مملکت نے 6 نومبر کو سنداپل ، خیبر پختونخواہ میں حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانی دینے پر قوم شہداء کے خاندانوں کی ممنون رہے گی۔
صدر عارف علوی نے نائیک خوشدل خان، لانس نائیک عبدالقدیر خان اور رفیق خان کے اہلِ خانہ سے بھی رابطہ کیا،صدر مملکت نے 29 اکتوبر کو ضلع آواران ، بلوچستان میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار آصف عمران اور سپاہی عرفان علی کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا ۔صدر عارف علوی نے 18 اکتوبر کو جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزہ میں حملے میں شہید ہونے والے سپاہی فرمان علی کے ورثاء کو بھی ٹیلیفون کیا ۔صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ِ ہمدردی ، شہداء کیلئے بلندی درجات ، اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعاکی ۔