ایک نیوز :سابق کرکٹروہاب ریاض کو قومی مینز سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا۔
پی سی بی اعلامیہ کے مطابق وہاب ریاض دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی ٹیم کا انتخاب کریں گے تاہم وہ مشیر کھیل پنجاب کے عہدے پر بھی برقرار رہیں گے۔ وہاب ریاض نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیش کش قبول کر لی اور نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے عبوری چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کیلئے اجازت بھی لے لی۔
وہاب ریاض نے 2008 میں اپنے انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا اور 27 ٹیسٹ 91ون ڈے اور 36ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر237 وکٹیں حاصل کیں اور1200 رنز بنائے۔ وہ تین عالمی کپ کھیل کر ان مقابلوں میں 35 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بولر رہے۔ وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس ذمہ داری کے لیے ان پر اعتماد کیا۔کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے اور وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں،یہ ایک چیلنج ہے ۔
وہاب ریاض نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے جہاں پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں ۔اسی طرح نیوزی لینڈ کے دورے سے ہمیں آئندہ سال جون میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ایک متوازن ٹیم تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔ہمیں محمد حفیظ کی شکل میں اچھا ٹیم ڈائریکٹر موجود ہے اور ہم ملکر پاکستان کرکٹ کی کامیابی کے لیے کام کریں گے۔ وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ان کی سب سے بنیادی توجہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اہمیت دیتے ہوئے آل راؤنڈ اسکواڈز کا اعلان کیا جائے۔وہ کھلاڑیوں کی رائے جاننے کے لیے ہمیشہ دستیاب ہیں۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹیم ڈائریکٹر مقرر کرنے پر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ ادا کیا ہے۔محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے لیے نئی ذمے داری ادا کرنے پر فخر ہے اور پرجوش ہوں، چیلنجنگ ذمے داری دینے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں، مل کر بہترین کارکردگی کی کوشش کریں گے اور کرکٹ مداحوں کو خوشیاں دیں گے۔