ایک نیوز: عام انتخابات 2024 کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ آج کل سب کی نظریں الیکشن کمیشن پر ٹکی ہیں اور انتخابی شیڈول جاری کیے جانے کا انتظار ہے۔ تو الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کب جاری کرے گا، ایک نیوز نیوز نے پتہ لگا لیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول دسمبر کے پہلے ہفتے میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم انتخابی شیڈول سے قبل ڈی آر اوز، آر اوز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ڈی آر اوز ،آر اوز کی تعیناتی رواں ماہ کے آخر تک کرنے کا امکان ہے۔ عام انتخابات میں ڈی آر اوز، آر اوز انتظامیہ سے لئے جانے کے قوی امکانات ہیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق عدلیہ سے ڈی آر اوز، آر اوز لینے سے متعلق فہرستیں تاحال رجسٹرار کی جانب سے موصول نہ ہوسکیں۔ الیکشن کمیشن کے پاس صوبوں کے انتظامی افسران کی اپڈیٹڈ فہرست موجود ہے۔
الیکشن کمیشن نے انتظامی افسران کے سروس ریکارڈ کا جائزہ مکمل کرکے ڈی آر اوز ، آر اوز کی ابتدائی فہرستیں تیار کرلی ہیں۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن جلد اجلاس بلاکر ڈی آراوز اور آراوز کی حتمی فہرست کی منظوری دیدے گا۔
الیکشن کمیشن نے ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ کے لیے مجوزہ شیڈول بھی تیار کرلیا ہے۔