ایک نیوز: پی سی بی کی جانب سے قومی کرکٹرز کو واجبات کی ادائیگی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ پر اس سال بڑا تنازع ہوا، البتہ پھر کھلاڑیوں کے موقف کی جیت ہوگئی، پی سی بی نے ماہانہ تنخواہوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے میچ فیس بھی بڑھا دی، سب سے بڑی بات تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی کی آمدنی سے 3 فیصد شیئر ملناہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بیشتر پلیئرز نے معاہدوں پر دستخط کر دیے جس کے بعد انھیں واجبات کی ادائیگی ہو گئی ہے، ڈی کیٹیگری میں شامل سینئر کرکٹرز شان مسعود اور حسن علی سمیت سی کیٹیگری کے عماد وسیم اور بی کے نسیم شاہ کی رضامندی کا انتظار تھا، ان میں سے شان نے گزشتہ روز کنٹریکٹ پر دستخط کر دیے،انھیں حال ہی میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے اور اب کیٹیگری میں تبدیلی بھی خارج از امکان نہیں۔
حسن کو کیٹیگری میں بہتری کا انتظار ہے، عماد وسیم آج کل ایک نجی ٹی وی چینل کیلیے ورلڈکپ پر تبصرے کر رہے ہیں، سینٹرل کنٹریکٹ پر سائن کی صورت میں انھیں اس کی اجازت نہیں ہوتی،اگر انھوں نے لیگز کیلیے ’’آزاد‘‘ رہنے کو ترجیح دی تو اس حوالے سے بڑا فیصلہ کرنا پڑے گا۔
نسیم شاہ ان دنوں کندھے کی انجری سے نجات کیلیے کوشاں ہیں، وہ انگلینڈ سے واپسی پر معاہدہ قبول کر سکتے ہیں، مذکورہ کھلاڑیوں میں سے جو بھی کنٹریکٹ پر سائن کرے گا اسے چند روز میں واجبات مل جائیں گے۔
یاد رہے کہ ابتدا میں افتخار احمد نے بھی ڈی کیٹیگری کا معاہدہ قبول نہیں کیا تھا تاہم چند روز قبل انھوں نے دستخط کر دیے جس کے بعد انھیں اب معاوضے کی ادائیگی کر دی جائے گی۔