ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لانگ مارچ میں گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والے کارکن معظم گوندل کی موت کے حوالے سے فیصل واوڈا نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں انکشاف کیا ہے کہ معظم گوندل کو عمران خان کے کنٹینر پر کھڑے اہلکار کی گولی لگی۔ جس شخص نے عمران خان پر فائر کیا اس کی گولی معظم کو نہیں لگی۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جو لوگ اپنے کپڑے اتارنے اور برہنہ کرنے کے بیان دے رہے ہیں ان کی کیا ساکھ ہوسکتی ہے؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی میں موجود تین سانپوں نے آرمی چیف کو عمران خان کیخلاف بھڑکایا۔ حالانکہ انہوں نے آرمی چیف کو سمجھایا تھا کہ ان کی باتوں میں نہ آئیں۔
ان کے مطابق یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے پارٹی کو نقصان پہنچایا۔ عمران خان کو خود بھی سمجھ نہیں آرہی کہ ان سے کون کام لے رہا ہے۔ فواد چودھری ایسی چیز کا دفاع کررہے ہیں کہ انہیں اس کے بعد مزید جھوٹ بولنا پڑیں گے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ہم الیکشن مئی جبکہ پی ڈی ایم اکتوبر میں چاہتی ہے۔