ایک نیوز نیوز: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ جنرل رودزانی مافوانیا سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ جہاں انہوں نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے جنرل رودزانی مافوانیا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں فریقین نے دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دوطرفہ تعاون بشمول سیکیورٹی، انسداد دہشتگردی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک میں فوجی مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ فوجی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ جنوبی افریقہ نیشنل ڈیفنس نے پاکستانی افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ جنرل رودزانی مافوانیا نے دہشتگردی کیخلاف پاک افواج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔