جے ایف-17 تھنڈر طیارے میں فضامیں ایندھن بھرنے کا مظاہرہ

Nov 17, 2022 | 18:47 PM

ایک نیوز نیوز: بحرین انٹرنیشنل ایئر شو میں پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈرطیارے نے  انوکھے فن کا مظاہرہ کرکے حاضرین کو حیران کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ 3جے ایف-17 لڑاکا طیاروں نے بحرین انٹرنیشنل ایئر شو میں اپنے آئی ایل-78 ٹینکر طیارے کی معاونت سے فضا میں ایندھن بھرنےکاعملی مظاہرہ کیا۔پاک فضائیہ کی ایک آپریشنل ایئر بیس سے بحرین جانے والے جیٹ طیاروں کی مسلسل پرواز اور انکی وطن واپسی  کے دوران جےایف-17 تھنڈر طیاروں کی دورانِ پرواز ری فیولنگ کی گئی ۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ دورانِ پرواز ری فیولنگ سے پاک فضائیہ نے ایک اور سنگ میل حاصل کیا ہے جو مادر وطن کے ناقابل تسخیر فضائی دفاع کی جانب ایک اہم قدم ہے۔یہ غیر معمولی اور اہم کامیابی پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی بہترین پیشہ ورانہ مہارت اور اچھی تکنیکی تربیت کی عکاس ہے۔ پاک فضائیہ کا جے ایف-17 تھنڈر طیارہ بحرین انٹرنیشنل ایئر شو میں حاضرین کی توجہ کا مرکز رہا۔ 

 بین الاقوامی پانیوں پر دوران پرواز ایندھن بھرنے کے اس عہد ساز موقع نے پاک فضائیہ کے لڑاکا بیڑے کی صلاحیت، اہلیت اور مقبولیت میں اضافہ کیا ہے۔

مزیدخبریں