پاکستان ،سعودی عرب روڈ ٹومکہ پراجیکٹ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

 پاکستان ،سعودی عرب روڈ ٹومکہ پراجیکٹ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط
کیپشن: Pakistan, Saudi Arabia Road Tomka Project MoU signed

ایک نیوز : پاکستان اورسعودی عرب نے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے۔
  مفاہمتی یادداشت کے تحت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے حج پر جانے کے خواہش مند پاکستانی حجاج کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اسلام آباد میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ منصوبے کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔جبکہ پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اورسعودی نائب وزیرداخلہ ڈاکٹرناصربن عبدالعزیزالداؤد نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔

قبل ازیں سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے گذشتہ سال کے شدید سیلاب کے دوران امداد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے تعاون فراہم کرنے پر بھی سعودی عرب کی حکومت کے کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے ’روڈ ٹو مکہ‘ پروجیکٹ میں پاکستان کو شامل کرنے پر سعودی حکومت کی تعریف کی،روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے حج پر جانے کے خواہش مند پاکستانی حجاج کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے حالیہ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقائی امن اور سلامتی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

سعودی نائب وزیر داخلہ نے اپنی اور اپنے وفد کی مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،انہوں نے پاکستان کے داخلہ، مذہبی امور اور انسداد منشیات کے وزرا کے ساتھ اپنی ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سعودی نائب وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو بتایا کہ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کو آئندہ سال سے لاہور اور پشاور تک توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

دریں اثنا پاکستانی وزیر داخلہ اورسعودی نائب وزیر داخلہ نے روڈ ٹو مکہ منصوبے کو پوری طرح نافذ کرنے پراتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت عازمین حج کو پاکستان ہی میں سعودی امیگریشن کی سہولت میسر کی جائے گی۔

ملاقات میں وزیر داخلہ نے سعودی نائب وزیر داخلہ سے سعودی جیلوں میں معمولی جرائم میں قید پاکستانی شہریوں کی جلد رہائی پر استفسار کیا جس پر سعودی نائب وزیر نے بتایا کہ 108 پاکستانی شہریوں کو رہا کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی قیدیوں کے کیسز کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے،سعودی نائب وزیر داخلہ کی اس قسم کے قیدیوں کی جلد رہائی ممکن بنانے کی یقین دہانی کرائی۔