حساس تنصیبات پر حملے عمران خان کے بیانات کا نتیجہ ہیں،وزیرعظم  

May 17, 2023 | 20:31 PM

ایک نیوز:وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو حساس تنصیبات پر حملے عمران خان کے بیانات کا نتیجہ ہیں، فوجی تنصیبات پر حملے کرنیوالوں کے مقدمات اسپیشل اسٹیڈنگ کورٹس میں چلیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف  کا سینئر صحافیوں سے گفتگو  میں کہنا تھا کہ  جلاؤ گھیراؤ کے دوران  نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے مقدمات انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں چلیں گے۔

اس سے قبل سوشل میڈیا کی سائٹ ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے لکھا کہ  9 مئی کو ریاست،اس کی علامتوں اور حساس تنصیبات پر حملے ہوئے، باغی حملے کی جڑیں عمران نیازی کی تقاریر کے مندرجات میں پوشیدہ ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا تھا کہ عمران نیازی نے ایک سیاسی تحریک کو حق اور باطل کے درمیان جنگ قراردیا، عمران نیازی نے مؤقف کی پذیرائی کیلئے آزادانہ طور پر مذہبی تصویر کشی کی۔ مسلسل مسلح افواج، آرمی چیف کو بدنام کیا اور حملے کیے۔ ان کی تقریریں سنیں آپ کو آپ کے جواب مل جائیں گے۔

 وزیراعظم شہبازشریف نے مزید لکھا کہ بہت چالاکی سے“حقیقی آزادی“ کے نعروں کے ساتھ گروہ تیار کیاگیا، گروہ تیارکرنے کا مقصد انہیں تشدد پر اکسانا تھا جس کا مشاہدہ 9 مئی کو سامنے آیا۔

مزیدخبریں