جلاؤ گھیراؤ میں ملوث عناصررعایت کےمستحق نہیں،مریم اورنگزیب

May 17, 2023 | 17:00 PM

ایک نیوز :وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کاکہنا ہے کہ جلاؤ گھیراؤ میں ملوث کسی شخص کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کانیوزکانفرنس میں کہنا تھا کہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی کے دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پاکستان کے ازلی دشمن نے 75 سالہ تاریخ میں وہ کام کرنے کی جرات نہیں کی جو 9 مئی کے دن پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے کیا ہے۔ عمران خان کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں اور پلانٹڈ لوگوں نے عسکری تنصیبات سمیت دیگر اہم عمارتوں پر حملے کئے۔

مریم اورنگزیب نے اپنی پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے تمام مرکزی اور نامور رہنماؤں کے ویڈیوز پیغام نشر کردیے جو عوام کو فوجی تنصیبات پر حملے اور سڑکیں بلاک کرنے کا حکم دے رہے،ان رہنماؤں میں گنڈاپور،مراد سعید،زرتاج گل،شہریار آفریدی،یاسمین راشد،فرخ حبیب و دیگر شامل ہیں۔

مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ مظاہروں کے دوران شرپسندوں کی جانب سے ہسپتالوں اور سکولوں کو جلایا گیا، ایمبولینسوں سے مریضوں کو باہر نکال کر پھینکا گیا، ایدھی کی ایمبولینس جلائی گئی۔شہداءاور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت کو نذر آتش کیا۔یہ ملک دشمنی اور بغاوت ہے۔

وزیراطلاعات کاکہنا تھا کہ یہ کسی بھی طور سیاسی یا عوامی احتجاج نہیں تھا۔مٹھی بھر مسلح جتھوں نے عمران خان کے کہنے پر یہ کارروائی کی۔زمان پارک میں بیٹھ کر عمران خان نے اس پورے عمل کی منصوبہ بندی کی۔پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے پاکستان کے جھنڈے جلائے۔جس پرچم کو ہم نیچے نہیں گرنے دیتے، اس پرچم کو نذر آتش کیا گیا۔ان لوگوں نے ایمبولینس، ہسپتال، سکول، مسجدیں، جانور منڈیاں جلائیں، یہ کوئی سیاسی ردعمل نہیں۔

مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ ریاست نے ان لوگوں کو بھی تحفظ دینا ہے جنہیں ایمبولینسوں سے باہر نکال کر پھینکا گیا۔ریاست نے سکول کے بچوں کو بھی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ہماری سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوانوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔شہید جوانوں کی بے حرمتی کی گئی۔آج غریب کی سواری میٹرو بس سروس معطل ہے۔جو غریب افراد، سکولوں کالجوں کے بچے اور شہری اس میٹرو بس پر سفر کر رہے تھے، ان کو کون جواب دے گا؟سویلین املاک کو نقصان پہنچانے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔عسکری تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے ٹرائل ہوں گے۔

وزیراطلاعات کاکہنا تھا کہ مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں۔عسکری تنصیبات اور ریاستی املاک پر حملہ کرنے والوں کو کو عبرت کا نشانہ بنانا چاہئے۔ریاست کی پروٹیکشن اور ریاست کی رٹ کو قائم کرنا صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں۔ریاست کے تین ستون پارلیمنٹ، ایگزیکٹوز اور جوڈیشری ہیں۔تینوں ستونوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ریاست کی رٹ قائم کی جائے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ زمان پارک مسلح جتھوں کی پناہ گاہ بنا ہوا ہے۔پنجاب حکومت نے تمام شواہد فراہم کر دیئے ہیں۔مسلح جتھوں کو اکسانے کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔مراد سعید کی ویڈیو پی ٹی آئی کے آفیشل پیج پر ہے جس میں کہہ رہے ہیں کہ جو جگہیں بتائی تھیں وہاں پہنچ جائیں، عمران خان گرفتار ہو گیا ہے۔یہ جگہیں کس نے دکھائی تھیں؟

وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ویڈیو میں کہتے ہیں کہ جی ایچ کیو پہنچ جاﺅ جس طرح دکھایا تھا۔ عمران خان نے عدالت کے اندر سے ویڈیو پیغام جاری کیا کہ اگر مجھے دوبارہ گرفتار کیا تو 9 مئی سے بڑھ کر ردعمل آئے گا۔وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہ ہو، اس ضمن میں ایک مانیٹرنگ کمیٹی بنائی گئی ہے۔پولیس فورس ہمارے تحفظ کے لئے کھڑی ہوتی ہے۔

عمران خان کبھی ان پر پٹرول بموں سے حملے کرواتے ہیں اور کبھی ان کی گاڑیاں نذر آتش کی جاتی ہیں۔پولیس کے لئے عمران خان غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم تھے، عمران خان کی طرح سلیکٹ ہو کر کرسی پر مسلط نہیں ہوئے تھے۔ عمران خان نے نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیسز بنانے کے لئے قومی خزانے کے پیسے کا بے دریغ استعمال کیا۔ عمران خان نے القادر ٹرسٹ اپنے اور اپنی اہلیہ کے نام رجسٹر کروایا، کس قانون کے تحت انہوں نے یہ کام کیا؟ 

مزیدخبریں