پاکستان آکر خوشی ہوئی،باہمی تعلقات آگے بڑھتے رہیں گے، سعودی نائب وزیرداخلہ

May 17, 2023 | 16:03 PM

ایک نیوز: سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پیار و محبت کا رشتہ ہے اور باہمی تعلقات مزید آگے بڑھتے رہیں گے۔

بدھ کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کر کے خوشی ہو رہی ہے، بالخصوص جن امور پر بات چیت ہوئی اور دونوں طرف سے جن کی منظوری دی گئی۔

سعودی نائب وزیر داخلہ کے اعزاز میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے ظہرانے کا اہتمام کیا تھا جس میں کابینہ کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین باہمی تعلقات آج سے نہیں بلکہ ان کی ایک طویل تاریخ ہے اور تمام سعودی قیادت اور عوام اس کو احترام کی نظر سے دیکھتی ہے۔

ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز نے مزید کہا ’امید ہے کہ یہ باہمی تعلقات مزید آگے بڑھتے رہیں گے اور یہی ہماری خواہش ہے۔‘

سعودی نائب وزیر داخلہ نے اپنے پورے وفد کی جانب سے مہمان نوازی اور عزت افزائی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی صفت آج سے نہیں بلکہ وہ بہت عرصے سے اس کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور اس کا تجربہ انہیں پاکستانی طالب علموں کے ساتھ وقت گزار کر ہوا تھا اور بعد میں یونیورسٹی سے جب اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو ساتھی پاکستانی ٹیچرز میں بھی یہی خاصیت دیکھنے کو ملی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے سعودی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نائب وزیر داخلہ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، روڈ ٹو مکہ منصوبے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز سے ملاقات میں سعودی سفارتکار کے قتل کا معاملہ اور اس حوالے سے سعودی عرب کے مطالبے پر بھی غور کیا گیا، اس کے علاوہ برمی مسلمانوں کے مسئلے پر سمجھوتہ ہوا ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اس مرتبہ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت اسلام آباد ایئر پورٹ سے 26 ہزار عازمین حج مستفید ہوں گے جس کو سعودی نائب وزیر نے 40 ہزار تک بڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہماری درخواست پر عازمین حج کو یہ سہولت آئندہ سال سے لاہور اور کراچی کے ایئرپورٹس پر بھی فراہم کی جائے گی۔

وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب دس لاکھ پاکستانیوں کو باوقار ذریعہ معاش فراہم کر رہا ہے، پاکستانی پروفیشنل اور افراد قوت مملکت کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں