ایک نیوز: امیر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے عوام دشمن اقدامات ختم نہ کیے تو دھرنوں سے حکمرانوں کو گھر جانے پر مجبور کردیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں حافظ سعد حسین رضوی نے حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ کروزر اور موٹر سائیکل والے کیلئے یکساں قیمت پر پیٹرول کی فروخت معاشی انصاف نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ تو پہاڑ جتنا ہوتا ہے لیکن کمی چیونٹی کے برابر بھی نہیں کی جاتی۔ عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے پر تو پاکستان میں عالمی منڈی کے مطابق تیل کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں لیکن کم ہونے پر معوملی کمی کی جاتی ہے۔
امیر ٹی ایل پی نے اعلان کیا کہ 22 مئی کو کراچی سے شروع ہونے والا لانگ مارچ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت سمیت عوام کے حقوق پر ڈالے گئے ہر ڈاکے کا حساب لے گا۔
حافظ سعد رضوی نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کے ہر فیصلے سے عوام کی تکلیف میں دن بہ دن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ اقتدار کے آخری دنوں میں تو پی ڈی ایم حکومت کو عوام پر ترس کھانا چاہیے۔