ریاست مخالف بیانیہ: اہم کھلاڑیوں نے عمران خان کا ساتھ چھوڑ دیا

May 17, 2023 | 15:22 PM

ایک نیوز: ریاست مخالف بیانیہ پی ٹی آئی کو ہضم نہ ہوسکا۔ عمران خان کی جارحانہ سیاست کو بڑا جھٹکا لگ گیا۔ اہم کھلاڑی اپنے کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما تسبیح کے دانوں کی طرح گرنے لگے۔ ذرائع کے مطابق  رکن قومی اسمبلی محمود مولوی کے استعفوں سے شروع ہونے والی کہانی میں کئی مزید نام جڑنے جارہے ہیں۔  

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز کراچی سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے ریاست مخالف بیانیے پر پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا تو آج ہی ایک ویڈیو بیان میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 148 سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر عباد فاروق نے بھی ٹکٹ واپس کرتے ہوئے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔ 

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ استعفے تو ابھی بارش کے پہلے قطرے ہیں۔ بہت جلد بہت سے اہم برج پی ٹی آئی سے داغ مفارقت کرجائیں گے۔ ان میں کئی نام سرفہرست ہیں۔ جیسے عامر کیانی اور علی زیدی کی آج ہی پریس کانفرنس میں پارٹی سے اعلان لاتعلقی کی بازگشت ہے۔ 

کراچی میں پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا مل گیا۔ کپتان کا ایک اور کھلاڑی ساتھ چھوڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ رکن سندھ اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کے فیصلے سے قیادت کو آگاہ کردیا ہے۔  

انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملکی سلامتی کے اداروں پر حملے کسی صورت برداشت نہیں کرسکتا۔

اس کے علاوہ سینئر پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے بھی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیے کے خلاف بیان داغ دیا ہے۔ جس کی وجہ سے کئی افواہیں زیرگردش ہیں۔ دوسری جانب سینیٹر ولید اقبال نے بھی جناح ہاؤس حملے میں پی ٹی آئی کارکنان کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے بھی جناح ہاؤس پر حملے کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اس عمل کی مذمت کی تھی۔ 

مزیدخبریں