ایک نیوز:پی ٹی آئی رہنما میاں محمد اکرم اور اس کےبھائی میاں محمد ہارون کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر عدالت نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آپ نے نظر بندی کے آرڈر پہلے نکال دیئے اور میٹیریل بعد میں ڈھونڈ رہےہیں،عدالت نے کیس کی سماعت29مئی تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما میاں محمد اکرم اور اس کےبھائی میاں محمد ہارون کی بازیابی کیلئے دائر درخواست کی سماعت جسٹس علی ضیاء باجوہ نے کی۔عدالت نے نظر بندی کے احکامات واپس لینے پر تینوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
درخواست ایڈوکیٹ یوسف وائیں کی وساطت سے دائر کی گئی ہے،عدالت میں درخواست گزار کی جانب سے ایڈوکیٹ یوسف وائیں پیش ہوئے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ پیش ہوئے، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر بھی پیش ہوئیں،عدالت میں غلام سرور نہنگ نے بند کئے گئے بندوں کی کور کمانڈر ہاؤس کے سامنے موجودگی کی 03 تصویریں شہادت کے طور پر پیش کیں۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ہمیں بند کئے گئے بندوں کے خلاف میٹیریل پولیس فراہم کرتی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے نظر بندی کے آرڈر پہلے نکال دیئے اور میٹیریل بعد میں ڈھونڈ رہےہیں،عدالت نے تصویریں پیش کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف یہ میٹیریل ہے۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ ہم نے میاں عثمان اکرم ، ہارون احمد اور نوید کے نظر بندی کے آرڈر واپس لے لیے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 29 مئی تک ملتوی کر دی۔