ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری روپوش ہوگئے اور پولیس ابھی تک انہیں گرفتار نہیں کرسکی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس تاحال فواد چودھری کی گرفتاری میں ناکام رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ فواد چودھری گزشتہ رات ہائیکورٹ سے نکلنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چودھری اسلام آباد میں ہی روپوش ہوئے ہیں تاہم ان کی گرفتاری کیلئے تشکیل دی گئی اسپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیم کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چودھری کو اسلام آباد سے گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں فواد چودھری کو گرفتار نہیں کیا۔