ایک نیوز: سانحہ 9مئی،نگران پنجاب حکومت کو جناح ہاؤس پر حملہ کرنے والے شرپسندوں اورسیاسی جماعت کی لیڈر شپ کے درمیان رابطوں کے ثبوت مل گئے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔انسپکٹرجنرل پولیس،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اورچیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے 9مئی کے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاریوں،شناخت اورمقدمات پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے 542چہروں اور305گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کی شناخت کرلی گئی ہے،صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور،سیکرٹری قانون، سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی،چیف ایگز یکٹو آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی،کمشنر لاہورڈویژن اوراعلیٰ حکام نے اجلاس میں شر کت کی جبکہ کمشنرزاور آر پی اوزویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ جیوفینسنگ کے ذریعے شرپسندوں اورسیاسی رہنماؤں کے درمیان بات چیت اورمیسجنگ کے ٹھوس شواہدسامنے آگئے ہیں۔ٹھوس شواہد کے بعددہشت گردی کے واقعات کے منصوبہ سازوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کاعمل شروع کیا جائے۔عسکری تنصیبات و مقامات پرحملہ کرنے والے ایک ایک دہشت گردکوجلد قانون کی گرفت میں لایا جائے،جلاؤ گھیراؤ اورتوڑ پھوڑ کرنیوالے تمام مقامات کی جیو فینسنگ کا عمل فوری مکمل کیا جائے،جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیمزکی تشکیل کا عمل آج مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس سے کیسوں میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاریوں کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ 9مئی کے واقعات کے کیسز کی مکمل شواہد اور ٹھوس انداز سے پیروی کی جائے،یہ تمام کیسز ہمارے لئے ٹیسٹ کیس ہیں،انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے،محکمہ پراسیکیوشن تمام کیسوں کی بھر پور پیروی کرے۔
دوسری جانب جی ایچ کیو اور کور کمانڈر لاہور کے گھروں پر حملے کے معاملے میں گرفتار ہونے اور عدم گرفتار ملوث تمام ملزمان کی پروفائلنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تمام ملزمان کی پروفائنگ سوشل میڈیا اکاونٹس کے ذریعے شروع کی گئی،سیاسی جماعت سے تعلق ہونے کے متعلق تمام شواہد حاصل کر لئے گئے۔بیشتر ملزمان 6 ماہ سے سیاسی جماعت کا ایجنڈا پروموٹ کر رہےتھے،تمام ملزمان کی پروفائلنگ پبلک کی جائے گی۔