ایک نیوز:عدالت نے محمود الرشید کا میڈیکل کرانے کے احکامات جاری کر دیے.
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی، محمود الرشید کو ہتھکڑیوں میں عدالت پیش کیا گیا۔
سرکاری وکیل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ ملزم جسمانی ریمانڈ پر ہے، اس کی گرفتاری مطلوب ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گرفتاری تو اب ریگولیٹ ہو چکی ہے۔
محمود الرشید کے وکیل نے کہا کہ پہلے ان کو غیر قانونی حراست میں رکھا، تمام کیسز میں ایک ہی بار گرفتاری اور تفتیش کر لیں۔
سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ ملزم ایک مقدمہ میں نامزد ہے، محمود الرشید کل پانچ مقدمات میں مطلوب ہیں۔
عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے ریمانڈ دیے جانے کا آرڈ دیکھا ہے۔
عدالت نے محمود الرشید سے استفسار کیا کہ آپ کو حراست میں کب لیا۔ محمود الرشید نے عدالت کو بتایا کہ مجھے چار دن پہلے گرفتار کیا گیا۔ عدالت نے پھر استفسار کیا کہ کیا آپ پر تشدد ہوا۔ جس پر محمود الرشید نے عدالت کو بتایا کہ جی ہاں مجھ پر تشدد کیا گیا ہے۔
عدالت نے محمود الرشید کا میڈیکل کرانے کے احکامات جاری کر دیے، اور حکم دیا کہ ملزم کو سیدھا سروسز اسپتال بورڈ میں لے کر جایا جاٸے۔ عدالت نے میڈیکل کروانے کے احکامات کے ساتھ درخواست نمٹا دی
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے گرفتار رہنما محمود الرشید کو 11 بجے پیش کرنے کا حکم دیدیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی،جسٹس علی ضیا باجوہ نے درخواست پر سماعت کی تھی۔
عدالت نے ایس پی سی آئی اے کی عدم پیشی پراظہارناراضگی کیا،عدالت نے محمود الرشید کو 11 بجے پیش کرنے کا حکم دیدیا،بعد ازاں عدالت نے سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کردی تھی۔