ایک نیوز :وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ کاکہنا ہے کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات کے حملہ آوروں نے عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں تربیت لی۔
وفاقی وزیرداخلہ ر اناثنااللہ کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ 50 سے 100 افرادکا تربیت یافتہ گروہ تھا۔ جناح ہاؤس میں داخل ہونے والے افراد کی شناخت ہوگئی ہے۔ آج اجلاس میں بتایا گیا کہ کتنے افراد کی شناخت اور کتنے گرفتار ہوچکے ہیں۔
راناثنااللہ کاکہنا تھا کہ مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرنے سے پہلے خواتین کا گروہ حالات دیکھنے جاتا تھا۔ تنصیبات پر آگ لگانے والے افراد ٹریس ہوچکے ہیں، کسی مجرم کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ میانوالی سمیت مختلف شہروں میں سرکاری، دفاعی تنصیبات پر حملوں میں افغان شہری بھی ملوث ہیں۔ تنصیبات پر حملے کرنے والے لوگوں کو اب نتائج بھگتنے پڑیں گے۔
وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ 9مئی کو مظاہروں میں اربوں روپے کی پراپرٹیز کو نقصان پہنچایا گیا۔شواہد سامنے آچکے ہیں کہ حملہ آوروں نے زمان پارک میں تربیت لی۔ ہم ثابت کریں گے کہ فتنہ اور فساد باقاعدہ منصوبہ بندی سےکیا گیا۔ عمران خان نے ان کی ایک سال تک تربیت کی اور فتنہ و فساد کے لیے تیار کیا۔تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں ہے۔