جائیداد منتقلی آن لائن ہوگی، اوورسیزپاکستانیز کو بڑی سہولت مل گئی

Mar 17, 2024 | 21:26 PM

ایک نیوز:وفاقی حکومت کا بڑا اقدام،اوورسیزپاکستانیز کی بڑی مشکل حل کردی،جائیداد کی منتقلی کی آن لائن کرواسکیں گے۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ اور سپین میں لینڈ ریکارڈ سروسز کی آن لائن فراہمی منتخب مشنز پر اراضی کی منتقلی کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیاجائیگا۔
 وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین کاکہنا ہے کہ پراجیکٹ کو چند ماہ کے اندر دیگر ممالک تک بھی بڑھایا جائے گا۔منصوبے کے تحت سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں خصوص کاونٹرز قائم کیے جائیں گے۔
سالک حسین کاکہنا تھاکہ کاؤنٹرز پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو روایتی اور غیر روایتی فردات کے اجرا، نادرا ریکارڈ سے تصدیق کے بعد زمین جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی، فوری طور پر لینڈ ریکارڈ میں خریدار کے نام پر ریکارڈ اپ ڈیٹ کی سہولت، انتقال نامے کی کاپی کے پرنٹ اور سرکاری واجبات کی وصولی جیسے اہم کام کیے جائیں گے۔‘
وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’منصوبہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بہت سی غیرضروری پریشانیوں کو دور کرے گا اور ذاتی طور پر تمام پہلوؤں کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کروں گا۔‘
خیال رہے کہ 2021 میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے یہ منصوبہ تجویز کیا تھا اور اس مقصد کے لیے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے چار ملکوں میں لینڈ ریکارڈ سینٹرز بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں یہ خصوصی کاونٹرز قائم کیے جانے تھے۔ امریکہ میں واشنگٹن، شکاگو، ہیوسٹن، لاس اینجلس اور نیو یارک جبکہ برطانیہ میں لندن، مانچسٹر، برمنگھم، گلاسگو اور بریڈ فورڈ میں یہ سہولت فراہم کی جانی تھی۔

مزیدخبریں