کوئی بھی پارٹی ملکی سالمیت کی حدود کرا س کرےگی تو انجام اچھا نہیں ہوگا،خواجہ آصف

Mar 17, 2024 | 15:20 PM

ایک نیوز :وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ میرعلی میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں،کل ایک سیاسی جماعت نے شہادتوں کا مذاق اڑایا، کوئی بھی پارٹی ملکی سالمیت کی حدود کرا س کرےگی تواس کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فوج جس طرح قربانیاں دے رہی ہےاس کی  جتنی عزت کی جائے کم ہے، کل ایک سیاسی جماعت نےشہدا کا مذاق اڑایا،اس سے بڑی ملک دشمنی کوئی اور نہیں ہو سکتی، دہشت گردی کیخلاف قربانیاں دینے والے ہمارے محسن ہیں، سکیورٹی اداروں اور شہدا سے متعلق مذموم مہم ناقابل برداشت ہے، ہم دہشتگردوں کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں لیکن وہ شہادتوں کی بے توقیری کر رہے ہیں،یہ اکاؤنٹ، انڈیا، یورپ، دوبئی اور دیگر ممالک سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔ان سب کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ 

ان کا کہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے مفاد کیلئے نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر گھولاہے ۔سنی اتحاد کونسل کا ہر بندہ اپنی جگہ لیڈر بنا ہوا ہے،یہ پارٹی اپنی شناخت کھو چکی،یہ سنی اتحاد کونسل ہے یا پی ٹی آئی،کچھ پتہ نہیں چل رہا، بغیر سر کے یہ پارٹی کبھی ادھر،کبھی ادھر گھوم رہی ہے، ملک کی خیر مانگنے کی بجائے یہ لوگ بد دعائیں دیتے ہیں، کوئی بھی پارٹی جب ملکی سالمیت کی حدود کرا س کرے تو اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔انہوں  نے اسمبلی میں غزہ قرار داد کے خلاف ووٹ دیا، ان کا رویہ قابل مذمت ہے۔ 
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی ہے،  جیل میں انہیں وی آئی پی سہولیات میسر ہیں،دیسی گھی میں بنا دیسی مرغا دیا جارہا ہے ۔ ان کا مزید کہناتھا کہ دہشت گردی زیادہ تر افغان سر زمین سے ہو رہی ہے،کے پی اور بلوچستان کے ملحقہ بارڈر سے افغان دہشت گرد پاکستان میں داخل ہوتے ہیں،  دہشت گردوں کی افغانستان میں پناہ گاہوں کا ہمیں علم ہے، دہشت گردی کے معاملے پر افغان حکومت سے رابطے میں ہیں۔

مزیدخبریں