ایک نیوز: پاکستان کی لڑکھڑاتی معیشت کیلئے اچھی خبر، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے چین کی طرف سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو مزید 50 کروڑ ڈالر موصول ہو گئےہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پروفاقی وزیر خزانہ نے اپنے ایک بیان میں لکھا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا لمیٹڈ ICBC)) سے مزید 50 کروڑ امریکی ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے مزید لکھا کہ موصول ہونے والی رقم سے ملکی زر مبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی 4 مارچ کو اپنے ٹویٹ میں اسحاق ڈار نے لکھا تھا کہ پاکستان کو انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا لمیٹڈ (ICBC) سے 1.3 بلین ڈالر کی فنانسنگ سہولت میں سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہو گئے ہیں، جس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی۔
ٹویٹر پر پیغام میں انہوں نے لکھا تھا کہ 1.3 بلین ڈالر کی فنانسنگ کے حوالے سے تمام رسمی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور چینی بینک نے رول اوور سہولت کی منظوری دے دی ہے، یہ رقم تین اقساط میں دی جائے گی، جس میں سے پہلی قسط مرکزی بینک کو موصول ہو چکی ہے۔