ایک نیوز: دنیا کے ٹاپ 10ائیرپورٹس کی فہرست جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق سنگاپور کے چانگی ہوائی اڈے کو دنیا کا بہترین ائرپورٹ قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور کے چانگی ہوائی اڈے کو یہ اعزاز 12 ویں مرتبہ حاصل ہوا ہے جس کے بعد اس نے“ورلڈزبیسٹ ائرپورٹ ایوارڈز 2023“ کا ٹائٹل دوبارہ اپنے نام کرلیا ہے۔ یہ رینکنگ ”اسکائی ٹریکس“ نامی ائرٹرانسپورٹ ریسرچ کمپنی کی طرف سے جاری کی گئی ہے۔
چانگی ہوائی اڈے نے 2013 سے 2020 تک لگاتار 8 سال تک سالانہ اسکائی ٹریکس رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی لیکن گزشتہ 2 سال کے دوران یہ ائرپورٹ دوحہ کے حمد انٹرنیشنل ائرپورٹ اور ٹوکیو کے ہنیدہ ائرپورٹ سے پیچھے رہ گیا تھا۔
دیگر بہترین ائرپورٹس کون سے ہیں؟
دوحہ کا حمد بین الاقوامی ہوائی اڈہ دوسرے، ٹوکیو کا ہنیدہ ائیرپورٹ تیسرے اورانچیون انٹرنیشنل ائیرپورٹ چوتھے نمبر پر رہا۔پیرس کا ائرپورٹ پانچویں، استنبول ائرپورٹ چھٹے، میونخ ائرپورٹ ساتویں اور زیورخ کا ائر پورٹ آٹھویں اور جاپان کا ناریتا ایئرپورٹ نویں نمبر پر آیا تھا۔
اوساکا کے کانسائی ائیرپورٹ کے سواگزشتہ برس کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل تمام ہوائی اڈوں نے دوبارہ ٹاپ 10 میں جگہ بنائی ہے۔اس سال اسپین کے میڈرڈ، باراجاس ہوائی اڈے نے 10 ویں پوزیشن حاصل کرکے کانسائی ایئرپورٹ کی جگہ لی ہے۔
اسکائی ٹریکس سروے نے ائیرپورٹس کی دوسرے پیمانے پر بھی رینکنگ کی ہے اس فہرست کے مطابق سیول کے انچیون ائرپورٹ کو دنیا کا بہترین اسٹاف ایئرپورٹ اور چین کے شینزین باؤان ائرپورٹ کو دنیا کا بہترین ترقی یافتہ ہوائی اڈہ قرار دیاگیا ہے۔