میٹرک کے سالانہ امتحانات 2023 کے شیڈول کا اعلان

Mar 17, 2023 | 16:16 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز:  بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشنز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔

لاہور کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے ترجمان ڈاکٹر مرزا حبیب علی نے بتایا کہ امتحانات یکم اپریل سے شروع ہوں گے جس کے لیے بورڈ نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور دھوکہ دہی پر قابو پانے کے لیے سرویلنس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے شہر بھر میں 868 امتحانی مراکز قائم کئے ہیں اور انتظامات کی نگرانی کے لیے بورڈ میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔

امتحانات میں 233862 امیدوار شرکت کریں گے جن میں سے 126398 لڑکے جبکہ 107464 لڑکیاں ہوں گی۔

عہدیدار نے مزید کہا کہ رول نمبر سلپس جاری نہیں کی گئی ہیں اور پرائیویٹ امیدوار انہیں بورڈ کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں جبکہ باقاعدہ امیدوار اپنے سکولوں سے حاصل کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب سرگودھا بورڈ کی جانب سے بھی امتحانات کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، سرگودھا میں بھی میٹرک کے امتحانات یکم اپریل سے شروع ہوں گے۔

اسی طرح بہاولپور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق بہاولپور میں بھی میٹرک امتحانات کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا۔

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے بھی یکم اپریل سے شروع ہونے والے امتحانات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

اسی طرح بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ میں بھی امتحانات کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا۔

دوسری جانب راولپنڈی اور ڈی جی خان میں بھی میٹرک کے امتحانات یکم اپریل سے شروع ہونے کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

دریں اثناء بورڈز کی جانب سے امتحانی ٹیموں سے کہا گیا ہے کہ وہ بغیر کسی خوف کے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیں، امتحانات کے دوران پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون حاصل ہو گا۔

مزیدخبریں