وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس: اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس: اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق
کیپشن: Federal Cabinet meeting chaired by the Prime Minister: Approval of the decisions of the Economic Coordination Committee(file photo)

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں کی توثیق کردی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے   مختلف ممالک اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ 15 bilateral  اور 2 Multi-lateral  مفاہمتی یادداشتوں کی Ex-Post Facto  کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے اسٹیٹ بینک کی سفارش پر SME Bank  کے وائنڈنگ ڈاؤن کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ وائنڈنگ ڈاؤن کے دوران بینک کے تمام صارفین کے ڈیپازٹس کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ پہلے مرحلے میں بینک کے تمام صارفین کو 5.557 ارب روپے کی ادائیگیاں کی جائیں گی۔ 

وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر سعودی حکومت کی جانب سے محمد وسیم اسلم ولد محمد اسلم کی سعودی عرب حوالگی کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ایکسٹراڈیشن ایکٹ 1972 کے تحت انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی۔ حکومت پاکستان کا سعودی حکومت کے ساتھ مجرمان کی حوالگی کے حوالے سے معاہدہ موجود ہے۔ محمد وسیم اسلم سعودی حکومت کو قتل کے کیس میں مطلوب ہے۔ 

وفاقی کابینہ نے وزارتِ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سفارش پر پاکستان سکھ گردوارہ پربندھگ کمیٹی (PSGPC) کی تشکیل نو کی منظوری دی۔ مذکورہ 13 رکنی کمیٹی میں تمام صوبوں سے سکھ برادری کی نمائندگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ یہ کمیٹی آئندہ تین سال کے لیے گردواروں کی دیکھ بھال، سکھ یاتریوں کی خدمت اور دیگر انتظامی امور سنبھالے گی۔      

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز(Cabinet Committee on Legislative Cases)کے13مارچ 2023 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کی بھی توثیق کی جس میں Laywers Protection Bill-2023  کی منظوری کی گئی تھی۔ یہ بل ملک بھر میں وکلاء کے تحفظ کے لیے وکلاء کی درخواست پر تیار کیا گیا ہے۔  

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 14 مارچ  2023 اور15 مارچ  2023  کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ اس میں کپاس کی امدادی قیمت بڑھا کر 8500 روپے فی من (40kg) کا فیصلہ بھی شامل ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ وکلاء کا پاکستان کے آئینی ارتقاء میں کلیدی کردار ہے۔ حکومت نے وکلاء کے تحفظ کے لیے Laywers Protection Bill-2023  پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کی فصل کو منافع بخش بنانے کے لیے 8500 روپے فی من کی امدادی قیمت کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایس ایم ای (SME) بینک کے صارفین کی جمع کرائی گئی رقوم کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ وائنڈنگ ڈاؤن کے دوران صارفین کے ڈیپازٹس کی واپسی کا خاص خیال رکھا جائے۔

دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اولڈ (حج) ٹرمینل پر وزیراعظم کا خصوصی طیارے نے لینڈ کیا ۔وزیراعظم شہباز شریف کو اب سے کچھ دیر بعد سخت سکیورٹی میں ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹاون پہنچایا جائے گا۔