ایک نیوز: ترجمان پاک بحریہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے 25 ویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ تقریب میں بحریہ یونیورسٹی سے مختلف شعبوں میں تعلیم مکمل کرنے والے 175 طلباء کو ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ نیول چیف نے امتیازی کارکردگی پر طلباء کو میرٹ سرٹیفیکیٹس اور میڈلز تفویض کیے۔
امیرالبحر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ طلباء عملی زندگی میں سچائی، راست بازی پر عمل کرتے ہوئے اپنے خوابوں کی تکمیل پر عمل پیرا ہوں۔
ترجمان پاک بحریہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریب میں بحریہ یونیورسٹی کی انتظامیہ، طلباء کے والدین اور شعبہ تعلیم سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔