ایک نیوز :چیئر مین تحریک انصاف عمران خان 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کیلئے بڑے قافلے کے ہمراہ زمان پارک سے لاہور ہائیکورٹ پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق چیئر مین تحریک انصاف 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچے، عمران خان کے ہمراہ پی ٹی آئی کارکنوں کا بڑا قافلہ بھی لاہور ہائیکورٹ پہنچا ،ہزاروں کی تعداد میں لوگ عمران خان کے ہمراہ موجود تھے ،کارکنوں نے عمران خان کی گاڑی کو چاروں طرف سے گھیر رکھا تھا ۔ پولیس نے کارکنوں کو گیٹ پر ہی روک لیاجبکہ عمران خان کووکلا کے ہمراہ اندر جانے کی اجازت دی گئی ۔
روانگی سے قبل عمران خان کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے سابق وزیراعظم کو گرفتاری سے روکتے ہوئے ساڑھے 5 بجے تک پہنچنے کا حکم دیا تھا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے لاہور ہائیکورٹ کیلئے روانہ ہوتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی میرا مدد گار ہے، خدا تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے اتنی عزت دی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی ہائیکورٹ روانگی کے وقت کارکنوں کی بڑی تعداد زمان پارک کے باہر موجود تھی۔ انہوں نے عمران خان کو دیکھتے ہی حمایت میں نعرے بازی شروع کر دی۔
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ میرے کارکن میرا سرمایہ ہیں۔ حق سچ کے ساتھ کھڑے کارکنوں کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔سکیورٹی انتظامات کی ہدایات لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کی گئی تھیں جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے پولیس نے اضافی نفری عدالت عالیہ کی حدود میں تعینات کر دی ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان 9 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کےلیے لاہور ہاٸی کورٹ پیش ہوں گے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کیس پر سماعت کرے گا۔
جسٹس فاروق حیدر بنچ کا حصہ ہیں۔ عمران خان کی حفاظتی ضمانتوں پر دو رکنی بنچ سماعت ساڑھے پانج بجے کرےگا۔