ایک نیوز: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ نیو کلیئر معاملات میں کسی ملک یا مالیاتی ادارے کے ساتھ ایجنڈے پر نہیں۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ کشمیر میں بھارت مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے جب کہ بھارت میں بی جے پی رہنما کی طرف سے اسلام مخالف بیان تشویشناک ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نیو کلیئر معاملات میں کسی ملک یا مالیاتی ادارے کے ساتھ ایجنڈے پر نہیں، نیوکلیئر سے متعلق تمام باتیں حقائق کے منافی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ آج وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری ایس سی او کے ہیڈ آف ٹورازم سے خطاب کریں گے۔ پاکستان ایران اور سعودی عرب کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ گذشتہ برس پاکستان کی کوششوں سے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن منایا گیا۔ یورپ میں قرآن مجید کو جلائے جانے کے واقعات پر تحفظات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ اسد مجید خان اس وقت چین کے دورے پر ہیں۔ وہ چینی نایَب وزیر خارجہ سن وی ڈنگ سے ملاقات کریں گے۔ وہ چین میں باہمی سیاسی مشاورت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ بطور ایک فعال رکن پاکستان ایس سی او کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیتا ہے۔ ایس سی او اجلاسوں میں وزیر دفاع و دیگر کی شرکت پر ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔ چین نے ہر موقع پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ چین نے اس وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کی جب کوئی یہاں سرمایہ کاری نہیں کر رہا تھا۔ پاکستانی عوام اس مشکل وقت میں بھی چین کا ساتھ دینے پر مشکور ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول نے ابھی ماریطانیہ کا دورہ مکمل کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے ماریطانیہ میں او آئی سی وزراء خارجہ کے 49 ویں اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے او آئی سی میں جموں و کشمیر گروپ اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے او آئی سی وزارت خارجہ کی سربراہی طریقہ کار کے تحت ماریطانیہ کے حوالے کیا۔ پاکستانی ایمبسیڈر آفتاب احمد کھوکھر او آئی سی کے سائنس کے حوالے سے اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ کل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان باہمی تعاون پر مذاکرات ہوئے۔ جس میں باہمی تعاون کو فروغ دینے، دوروں کے تبادلے اور انسداد دہشتگردی تعاون پر بات ہوئی۔