بے موسمی بارشوں اور ژالہ باری سے فصلیں تباہ، بحران کا خدشہ

Mar 17, 2023 | 11:45 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: ہمالیہ میں طوفانی صورتحال کے پیش نظر پاکستان سمیت برصغیر میں موسم نے رُخ بدلا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق بے موسمی بارشوں ژالہ باری سے  گندم ، سبزیوں ، چنے کی فصلوں کو نقصان، گندم کی کٹائی بھی  متاثر ہونے لگی ہے۔ پنجاب خیبر پختون خواہ شمالی بلوچستان اور مغربی سندھ کے علاقوں میں بھی گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں پر ژالہ باری گئی۔ ساتھ ہی تیز آندھی بھی چلی  ہے جس سے لوگوں کو گرمی سے راحت تو ملی ہے تاہم کسانوں کے لیے آفت آگئی ہے۔ تلہ گنگ میں شدید ژالہ باری سے کھیت سفید ہوگئے جبکہ فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔

ڈیرہ غازی خان تونسہ شریف لیہ مظفر گڑھ راجن پور جام پور اور ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور  اس دوران ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔  اگلے 7 سے 8 روز تک روزآنہ کی بنیاد پر بارشوں اور ژالہ باری کے امکانات ہیں۔ 
محکمہ زراعت  نے کسانوں سے پنجاب اور  سندھ میں گیہوں اور دالوں کی فصلوں کی کٹائی ملتوی کرنے  کا مشورہ دیا گیا ہے کہا جارہاہے کہ  فی الحال سرسوں اور گندم  کی کٹائی نہ کی جائے اگر پہلے ہی کٹائی ہوچکی ہے تو نقصان سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات پر ذخیرہ کر کے رکھا جائے۔ گیہوں کی فصلوں کی سنچائی روک دیں۔
 اسی طرح  سیب، ناشپاتی، بیر اور آڑو کے باغات کو اولوں سے بچانے کے لیے انتظامات کرنے کو کہا  گیا ہے،بارش سے اسٹابری کی فصل بھی تباہ ہو گئی ہے۔     جبکہ اگیتی تیارفصلوں سرسوں، چنے اور گیہوں کی جلد از جلد کٹائی کرنے اور انہیں محفوظ جگہ پر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

کٹائی کے موسم میں ہونے والی بارشوں سے نہ صرف فی ایکڑ گندم کی پیداوار کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کا ہدف پورا کرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔  گذشتہ دو سال سے یہ ہو رہا ہے کہ عین کٹائی کے موسم میں بارش ہوتی ہے جس سے فصل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔' حالیہ دنوں میں ملتان، ڈیرہ غازی خان، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد اور گندم کی کاشت کے علاقوں میں غیر معمولی بارشیں ہوئی ہیں۔  جس سے گندم کی فصل جزوی طور تباہ ہونے کا اندیشہ ہے۔'

دوسری جانب اسلام آباد بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔  بادلوں کے جم کے برسنے سے جل تھل ایک ہوگیا ہے۔ اسلام آباد سے ملحقہ خطہ پوٹھوہار اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیاہے اور  نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔بارش کے ساتھ چلتے ہوا کے ٹھنڈے جھونکوں کیوجہ سے جاتی سردی لوٹ آئی ہے۔ آسمان پر موجود کالی گھٹائیں اور موسم  کا حال بتانے والے مزید بارش کی پیشنگوئی کررہے ہیں۔ فصل کی کٹائی کے وقت غیرمعمولی  اور بے وقت بارشوں کے  نتیجے میں گندم کی پیداوار انتہائی کم ہو نے کا خدشہ بھی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ مغربی  ہواوٗں کا سلسلہ مغربی بلوچستان میں  داخل ہو چکا ہے۔ 20 مارچ  تک درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔ اس وقت شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصد ہے ۔ کراچی میں  آج کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہےگا

مزیدخبریں