ایک نیوز: متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں مقیم پاکستانی شہری کے قتل میں اہلیہ اورہم وطن شامل نکلے۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے عنصر نامی شہری کو دو روز قبل دبئی میں قتل کیا گیا۔ جس کے بعد پولیس نے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے اور کیس کی تفتیش شروع کی۔
دبئی کی سی آئی ڈی پولیس نے سی آئی اےسپیشل سیل سے مقتول کے گھر کا پتہ پوچھنے کیلئے گوجرانوالہ پولیس سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ مقتول علی پور چھٹہ کے علاقے کھیوکی کا رہنے والا تھا۔
سی آئی اے سپیشل سیل کی ٹیم نے کھیوکی میں جب تفتیش کی تو وہاں سے قاتل کا سراغ ملا ۔جس پر دبئی پولیس حکام کو آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ مبینہ طور پر واقعہ میں عباس نامی شخص ملوث ہے جو دبئی میں ہی مقیم ہے۔
دبئی پولیس نے جب ملزم عباس کو گرفتار کیا تو اُس نے انکشاف کیا کہ وہ عنصر کی تیسری بیوی سے شادی کا خواہش مند تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ عنصر کی اہلیہ بھی اس واردات میں ملوث ہے اور قتل کے بعد سے فرار ہے۔