پاکستان اورامریکا کاموسمیاتی بحران سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ 

پاکستان اورامریکا کاموسمیاتی بحران سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ 
کیپشن: Reiteration of commitment of Pakistan and America to deal with climate crisis

ایک نیوز: پاکستان اورامریکا نےموسمیاتی بحران سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔
تفصیلات کے مطابق اس تعاون کے سلسلہ میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان اور امریکی محکمہ خارجہ کی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے بیورو آف اوشینز اینڈ انٹرنیشنل انوائرمنٹل اینڈ سائنٹفک افیئرز مونیکا میڈینا نے اپنے اپنے ملک کی قیادت کی۔
دونوں رہنماؤں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکام اور ماہرین موسمیاتی اور ماحولیاتی مسائل بشمول موسمیاتی تبدیلی، توانائی کی منتقلی، آبپاشی انتظام، موسمیاتی سمارٹ ایگریکلچر، ہوا کے معیار، حیاتیاتی تنوع اور پلاسٹک کی ری سائیکلنگ سمیت فضلہ کے انتظام پر تعاون کے سلسلہ میں مصروف عمل رہے ہیں۔
دونوں ممالک کے رہنماؤں نے 2022 میں پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے لچک پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ امریکا نے دریائے سندھ کے طاس کی ماحولیاتی صحت کو بحال کرنے کیلئے پاکستان کے "لیونگ انڈس" اقدام کی حمایت کا اظہار کیا۔
موسمیاتی تبدیلیوں کی تخفیف اور موافقت پر دونوں حکومتوں نے امریکا پاکستان "گرین الائنس" کے فریم ورک کے ذریعے اپنی دوطرفہ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا عزم کیا اور کہا کہ "گرین الائنس" دونوں ممالک کو آب و ہوا، ماحولیاتی اور اقتصادی امورخاص طور پر زراعت، پانی اور صاف توانائی پر شراکت داری کے ذریعے مشترکہ طور پر نمٹنے کیلئے موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ہو گا۔
امریکا نے پاکستان میں نئے پروگراموں کا اعلان کیا۔ جن میں پاکستانی کسانوں کیلئے کھاد کے باکفایت استعمال اور تاثیر کو مضبوط بنانے کا پروگرام بھی شامل ہے۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) نے پاکستان میں موسمیاتی سمارٹ زراعت اور موسمیاتی فنانس کو فروغ دینے کیلئے نئی سرگرمیوں کا اعلان کیا۔

یو ایس آرمی کور آف انجینئرز پاکستان کی سیلاب کی پیش گوئی اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کیلئے وزارت موسمیاتی تبدیلی اور دیگر مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ برف پگھلنے سے متعلق موسمی اعداد و شمار کا اشتراک شروع کرے گا۔

پاکستان نے امریکا کو اپنی نئی قومی صاف فضائی پالیسی کی منظوری کے بارے میں آگاہ کیا اور پلاسٹک کے حوالے سے اپنے حالیہ فضلہ کے انتظام کے اقدامات کی وضاحت کی، دونوں فریقوں نے گرین کلائمیٹ فنڈ بورڈ کے 2023 شریک چیئرز کے طور پر ایک کامیاب سال میں تعاون کرنے کا بھی عہد کیا۔