ایک نیوز: برطانوی وزیر اولیور ڈاؤڈن کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے سرکاری ڈیوائسز میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر اولیور ڈاؤڈن کا کہنا ہے کہ برطانیہ نے سرکاری ڈیوائسز میں چین کی ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے استعمال پرپابندی لگادی ہے۔ چینی ایپلی کیشن پر عائد پابندی پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔
دوسری جانب چین نے برطانیہ کی جانب سے ٹک ٹاک پر لگائی گئی پابندی پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کو سیاسی قرار دے دیا ہے۔
چینی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ سرکاری فونز میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے۔ فیصلہ برطانیہ میں متعلقہ کمپنیوں کے معمول کے کاموں میں مداخلت ہے۔ ایسے فیصلے سے برطانیہ کے اپنے مفادات کو ہی نقصان پہنچے گا۔
ٹک ٹاک کمپنی کے ترجمان نے برطانوی پابندی پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہےکہ فیصلہ مایوس کن ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ پابندی وسیع سیاسی غلط فہمیوں کی بنیاد پر لگائی گئی ہے ۔جس میں ٹک ٹاک یا اس کے لاکھوں صارفین کا کوئی کردار نہیں ہے۔
واضح رہے کہ امریکا، کینیڈا اور بیلجیم سمیت مختلف یورپی ممالک بھی سرکاری ڈیوائسزمیں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی لگا چکے ہیں۔