بلاول بھٹوحکومت سازی کے وقت ہونیوالے معاہدوں پر عمل چاہتے ہیں، یوسف گیلانی 

بلاول بھٹوحکومت سازی کے وقت ہونیوالے معاہدوں پر عمل چاہتے ہیں، یوسف گیلانی
کیپشن: Bilawal Bhutto wants to implement the agreements made at the time of government formation, Yusuf Gilani

ویب ڈیسک:چیئرمین سینٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو حکومت سازی کے وقت ہونیوالے معاہدے پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ہمیں اس عید کے موقع پر سرحد پر ملک کیلئے جانیں قربان کرنے والے جوانوں کو نہیں بھولنا چاہیے کیونکہ انہوں نے اپنے آج کو قربان کر کے ہمارے کل کو محفوظ کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے تحفظات یہ ہیں کہ حکومت کی تشکیل کے وقت جو تحریری معاہدہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہوا تھا اس پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو ہم ملتان کا سمجھتے ہیں اور وہ ہمارے دوست ہیں، وہ دوسری جگہ پر پرائے لگتے ہیں تو ان کو کہتا ہوں کہ آپ یہاں خاندان کے فرد نظر آتے ہیں اس لئے ہمارے آپ کے ساتھ زیادہ بہتر تعلقات ہو سکتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ میں نے مہنگائی کی بات مجموعی طور پر کی ہے تو ہماری کوشش ہے کہ بجٹ میں ان طبقات کو ریلیف دیا جائے جن کی ضرورت زیادہ ہے۔

اس موقع پر انہوں نے مخیر حضرات سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر غریب و مفلس افراد اور قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والوں کو اپنی خوشیوں کا حصہ بنانے کی اپیل کی۔