ایک نیوز: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عیدالاضحیٰ پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ عید الاضحی قربانی اور ایثار کی گہری اقدار کی علامت ہے۔ عید الاضحی اتحاد کے مضبوط جذبے اور بھائی چارے کے بندھن کا تہوار ہے جو ہم سب کو آپس میں جوڑتا ہے۔ یہ دن ہمیں ہمدردی کو اپنانے اور اپنے درمیان محروم، بے سہارا اور مستحق افراد کی طرف ہاتھ بڑھانے کی دعوت دیتا ہے۔
آج ہمارا معاشرہ پولرائزیشن، تقسیم اور انتہا پسندی کی مصیبتوں سے نبرد آزما ہے، عید الاضحیٰ ہمیں مشترکہ انسانیت کی یاد دہانی کراتی ہے۔عید الاضحیٰ ہمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر یکجہتی کے جذبے کے ساتھ اکٹھے ہونے کی ترغیب دیتی ہے، تاکہ سب کے لئے زیادہ ہم آہنگ اور منصفانہ دنیا تشکیل دی جاسکے ۔
بلاول بھٹو زرداری کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ آج اس مبارک دن کے جوہر سے مستفید ہو کر ہمدردی اور اتحاد کے اصولوں پر کاربند رہیں۔ دعاگو ہوں، عید الاضحی کا جذبہ ہمارے دلوں کو منور کرے اور ہمیں ایک ایسے مستقبل کی تعمیر کی طرف رہنمائی کرے جہاں امن اور بھائی چارے کا بول بالا ہو۔