ایک نیوز: وزیر اعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے بابرکت موقع پر قوم اور تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں عیدالاضحیٰ اور حج بیت اللہ کے موقع پر پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ قربانی کا مقصد انسان کا اپنی نفسانی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے قربان کرنا ہے۔ اپنے ان بہن بھائیوں کا خیال رکھیں جو قربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے ہیں۔ ہمیں فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی عظیم قربانی کو بھی یاد رکھنا چاہیے، جو ظلم و ستم اور بربریت کے سامنے آہنی دیوار کی مانند ڈٹ کرکھڑے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آئیں ہم سب اس مبارک دن کے حقیقی معنوں کو سمجھتے ہوئے اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں اور ایثار و قربانی کے جذبے کی ترویج میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔
اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم اور ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیوں کو قبول فرمائے۔ امین