بنگلا دیش کی افغانستان کیخلاف تاریخی فتح

بنگلا دیش کی افغانستان کیخلاف تاریخی فتح

 ایک نیوز: بنگلادیش نے ٹیسٹ میچ میں افغانستان کو 546 رنز سے شکست دیکر تیسری بڑی فتح حاصل کر لی ہے۔

رپورٹ کے مطابق بنگلادیش کے شہر میرپور میں کھیلےگئے واحد ٹیسٹ میچ میں میزبان بنگلادیش کے 662  رنز کے تعاقب میں افغان ٹیم 115 رنز  بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 382 بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس میں نجم الحسین 146 اور محمود الحسن 76 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

مہمان ٹیم کی جانب سے نجات مسعود نے 5 اور یامین احمدزئی نے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔382 رنز کے جواب میں افغان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 146 رنز بناسکی تھی، افسر زازئی 36 اور ناصر جمال 35 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔

بنگلادیش کی جانب سے عبادت حسین نے 4، تیج الاسلام، شریف الاسلام اور مہدی حسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز میں نجم الحسین اور مومن الحق کی سنچریوں کی بدولت  425 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کردی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 662 رنز کا ہدف دیا۔پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم میچ کے چوتھے دن 115 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی. رحمت شاہ کے 30 رنز کی اننگز کے علاوہ کوئی افغان بلے باز زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔

بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 4 اور شریف الاسلام نے 3 وکٹیں حاصل کیں،بنگلادیشی بلے باز نجم الحسین کو دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

 ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے تیسری بڑی فتح ہے۔ اس سے 95 سال قبل 1928 میں انگلینڈ نے  آسٹریلیا کو 675 رنز سے ہرا کر  سب سے بڑی فتح حاصل کی تھی جس کے بعد آسٹریلیا نے 1934 میں انگلینڈ کو 562 رنز سے ہرا کر ٹیسٹ کرکٹ کی دوسری بڑی کامیابی حاصل کی تھی۔