ایک نیوز: شہدائے پاک سرزمین کو سلام، وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، ایسی ہے داستان لانس نائیک وقاص احمد شہید جیسے انتہائی نڈر انسان کی، جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔
تفصیلات کے مطابق لانس نائیک وقاص نے 2 جون 2021 کو وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان کا نظرانہ پیش کیا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک وقاص شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔
شہید کے ورثاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے 9مئی کو شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے شرپسندوں کووطن عزیز کا دشمن قرارا دیتے ہوئے سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا،لانس نائیک وقاص شہید کے بھائی کا کہنا تھا کہ میرا سوال ہے 9مئی کے شرپسندوں سے کہ تم کیسے شہداء کا سامنا کرو گے، شہید تو قوم کا فخر ہوتا ہے، مجھے فخر ہے میرے بہادر بھائی نے اپنے ملک کی خاطر وزیرستان میں اپنی جان کی قربانی دی۔
لانس نائیک وقاص شہیدکی والدہ نے کہا کہ میرے سب سے زیادہ لاڈلے بیٹے وقاص کو آرمی میں جانے کا بہت شوق تھا، مجھے فخر ہے کہ اللہ نے میرے بیٹے کے نصیب میں شہادت لکھی، لانس نائیک وقاص شہید اپنا آج وطن عزیز پر قربان کر کے آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ بن گیا۔