پیوچار: قدرتی حسن سے مالامال، سیاحت اور مہمان نوازی کی سرزمین

Jun 17, 2023 | 12:59 PM

ایک نیوز: پیوچار کو سیاحت اور مہمان نوازی کی سرزمین اور قدرتی حسن سے مالامال سوات کے ان علاقوں میں سے مانا جاتا ہے۔ جہاں پہ ایک وقت میں دہشت گردوں کا راج تھا۔ پاک فوج کے توسط سے اس علاقے میں قیامِ امن ہوا اور پیوچار کا جادو، حسن اور معطر فضا لوٹ آئی۔

تفصیلات کے مطابق پیوچار میں سیاحوں اور علاقائی عوام کے اطمینان میں مزید اضافہ اس وقت ہوا ،جب حکومت اور سیکورٹی اداروں نے یہاں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ شروع کیا، پیوچار کے مقامی لوگ امن و امان کی وجہ سے نہایت خوش نظر آتے ہیں، اور دعوت دے رہے ہیں کہ ہم پوری دنیا کو پیغام دیتے ہیں کہ ہمارا پیوچار، سوات اور مالاکنڈ ڈویژن پرامن علاقہ ہے۔ 

یہ ہمارا علاقہ ہے جو بہت زیادہ خوبصورت ہے لیکن بعض شرپسندوں کی وجہ سے بدنام تھا لیکن الحمداللہ اب دوبارہ امن قائم ہوا، جو بھی ہمارے علاقے میں سیروسیاحت کے لیے آنا چاہتا ہے تو آج تک کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ نہیں پیش آیا ہے، پاک فوج کی مدد سے پیوچار میں کئی ہائڈروپاور پروجیکٹس بھی بنائے گئے ہیں، جن سے عوام کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی بھی جاری ہے۔ 

سیاحوں اور مہمان نوازوں کی سرزمین پیوچار آجکل قومی اور بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے اور پورے سال یہاں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے، پاک فوج اپنے اولین فرائض کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے سیاحتی علاقوں میں امن و امان اور اسکی دنیا بھر میں خوبصورت عکاسی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے تاکہ ملکی اور غیرملکی سیاح یہاں آکر قدرت کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں۔

مزیدخبریں