ایک نیوز:امریکی ریاست کینساس میں مچھلیاں پکڑنے کیلئے جانے والے شخص کو جھیل سے32 سال پہلے چوری ہونے والی جیپ مل گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق45 سالہ جاہن ماؤنس نے کہا کہ میں نے پانی کے اندر کچھ عجیب دیکھا جس کے بعد میں نے لائیو اسکوپ اندر ڈال کر دیکھا تو گاڑی کے پُرزے دکھائی دیے۔
جاہن ماؤنس نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ پہلے میں نے مچھلیاں پکڑیں اور بعد میں پارکنگ ایریا میں جا کر حکام کو اس حوالے سے آگاہ کیا۔
پولیس نے امریکی شہری کی بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ سے معلوم ہوا ہے کہ یہ1983 کے ماڈل کی ایک جیپ ہے جس کے چوری ہونے کی شکایت1990 میں درج کرائی گئی تھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے مالک سے رابطہ کیا گیا تو اس نے کہا کہ اسے گاڑی کی انشورنس کے پیسے مل چکے ہیں جس کے بعد انشورنس کمپنی کو بھی اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اب یہ بات انشورنش کمپنی پر منحصر ہے کہ وہ اس معاملے کو کیسے دیکھتی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جاہن ماؤنس نے پانی کے اندر سے ملنے والی جیپ کی کہانی جاننے کے خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔