بھارت:ماں سےمحبت،تاج محل کی نقل تعمیرکروادی

بھارت:ماں سےمحبت،تاج محل کی نقل تعمیرکروادی
کیپشن: India: Love from mother, replica of Taj Mahal was built

ایک نیوز:بھارت سے ایک شخص نے اپنی مرحومہ والدہ کی یاد میں تاج محل کی نقل تیار کرلی۔
تفصیلات کےمطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے49 سالہ امر الدین شیخ داؤد نے اپنی والدہ جیلانی بی بی سے محبت کے اظہار کیلئے ایک ایکڑ رقبے پر پھیلا سنگ مر مر کا مزار تیار کیا۔
تامل ناڈو کے علاقے تھرووارور میں تاج محل کی نقل تیار کی گئی ہے جس کیلئے انہوں نے100 ٹن سنگ مر مر راجھستان سے خریدا۔
مجموعی طور پر اس یادگار کی تعمیر کیلئے امر الدین شیخ داؤد نے5 کروڑ بھارتی روپے (17 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کیے۔
جیلانی بی بی کا انتقال2020 میں ہارٹ اٹیک کے دورے کے2 ہفتے بعد ہوا تھا۔
چاول کے تاجر امر الدین شیخ داؤد نے بتایا کہ وہ مغل عہد میں تعمیر کیے جانے والے تاج محل سے متاثر تھے اور اپنی والدہ کیلئے اس کی طرح کا مزار تعمیر کرنا چاہتے تھے۔تاج محل کی یہ نقل12 میٹر بلند ہے اور اس کے چاروں مینار14 میٹر بلند ہیں۔
شیخ داؤد نے بتایا کہ 'میں اپنی والدہ سے بہت زیادہ محبت کرتا تھا، جب وہ اچانک ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں تو میں انہیں قبرستان میں نہیں چھوڑنا چاہتا تھا۔ میں اور میرا بھائی ان سے محبت کے اظہار کیلئے ایک یادگار تعمیر کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 'میرے والد کا انتقال1989 میں ہوگیا تھا اور میری والدہ نے اکیلے ہماری پرورش کی، انہوں نے ہماری پرورش کیلئے متعدد مشکلات کا سامنا کیا اور اپنی زندگی ہمارے لیے وقف کر دی۔
خیال رہے کہ تاج محل کو مغل بادشاہ شاہ جہاں نے اپنی اہلیہ ممتاز بیگم کی یاد میں تعمیر کروایا تھا۔
تاج محل کی اس نقل کی تعمیر2021 میں شروع ہوئی تھی اور مئی2023 میں مکمل ہوئی، جس کے بعد2 جون کو اسے عوام کیلئے کھولا گیا۔
یہ مزار3 حصوں میں تقسیم ہے، ایک حصے میں جیلانی بی بی کا مزار ہے، دوسرے میں مسجد جبکہ تیسرے میں ایک مدرسہ ہے۔
شیخ داؤد نے کہا کہ 'تمام انسانوں کیلئے ماں قیمتی ہوتی ہے، میں ہر ایک کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی ماں سے محبت اور احترام کرے۔