ایک نیوز: افغانستان سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی آج وزارت خارجہ میں طلبی ہوئی،15جولائی 2024کو بنوں چھاؤنی پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر پاکستان نےسخت احتجاج ریکارڈ کروایا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بنوں دہشتگردانہ حملہ جس میں آٹھ سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے، افغانستان میں مقیم حافظ گل بہادر گروپ نے کیا ،حافظ گل بہادر گروپ تحریک طالبان پاکستان کیساتھ مل کر پاکستان کے اندر متعدد دہشت گرد حملوں میں سینکڑوں شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان حکومت تحقیقات کرے اور بنوں حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری، مضبوط اور موثر کارروائی کرے، افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف ایسے حملوں کی تکرار کو روکا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کی سلامتی کو خطرہ بنا رہی ہیں،ایسے واقعات دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات کی روح کے بھی خلاف ہیں، بنوں کنٹونمنٹ حملہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے دہشت گردی سے لاحق سنگین خطرے کی نشاندہی ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے اور اس لعنت سے نمٹنے اور تمام خطرات کے خلاف اپنی سلامتی کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم رہتا ہے۔
بنوں چھاؤنی پر حملہ:پاکستان دفتر خارجہ کا افغانستان کو سخت جواب
Jul 17, 2024 | 17:01 PM