لاہور نثار حویلی سے برآمد ہونیوالےمرکزی جلوس کی سیکیورٹی ہائی الرٹ 

لاہور نثار حویلی سے برآمد ہونیوالےمرکزی جلوس کی سیکیورٹی ہائی الرٹ 
کیپشن: Security high alert for the main procession from Lahore Nisar Haveli

 ایک نیوز: لاہور نثار حویلی سے برآمد ہونے والے ذوالجناح کےمرکزی جلوس کی سیکیورٹی مزید ہائی الرٹ کر دی گئی۔
  جلوس روائتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا،ایس پی سٹی نے فوری اہم پوائنٹس کا جائزہ لیا اور جلوس کے روٹ میں آنے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو چیک کیا ،ڈیوٹی پر مامور تمام افسران و اہلکاروں کو چیک الرٹ اور بریف کیا ، 10 محرم لاہور کے مرکزی جلوس کے تمام پوائنٹس پر سیکورٹی الرٹ کر دی گئی ہے۔
روٹ کی چھتوں پر اہلکار تعینات کیے گے ہیں، مرکزی جلوس کے روٹ پر کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا ر ہی ہے،تمام عزاداروں کو تین درجاتی حصار سے سخت چیکنگ کے بعد جلوس میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے،10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ شہر میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والے ذوالجناح کے مرکزی جلوس سمیت 46 جلوس برآمد ہو چکے ہیں ، لاہور سیف سٹی کیمروں سے دسویں محرم الحرام کے عزاداری جلوسوں و مجالس کی مانیٹرنگ جاری ہے ۔
 تمام ضروری مقامات کو اضافی پورٹ ایبل کیمروں کے ذریعے کوور کیا گیا ، لاہور سیف سٹی ہیڈکوارٹر میں پاک فوج ،پولیس، رینجرز، کمیونیکیشن افسران اور ٹیکنیکل ٹیمیں موجود ہیں ،شہر بھر میں مجالس،جلوسوں اور امام بارگاہوں کی مکمل کوریج کیلئے 1 ہزار سے زائد کیمرے 24 گھنٹے فعال ہیں ۔
جلوس کے راستوں پر سیف سٹی کی موبائل کمانڈ وہیکل سے بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، پولیس سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندے بھی سیف سٹی سینٹر میں ڈیوٹی دے رہے ہیں، سیف سٹی ہیڈکورٹر سے ننکانہ ، قصور ،فیصل آباد ،گجرانوالہ اور راولپنڈی میں جاری جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
شہری اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 15 پر اطلاع دیں۔

دوسری جانب دسویں محرم الحرام کے موقع پر عاشقان نواسہ رسول کی شہادت کی یاد میں نثار حویلی سے کربلا گامے شاہ کے راستوں پر جگہ جگہ پر ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی سبیلوں اور لنگرز کا خوب اہتمام کیا گیا ہے، امام حسین اور اہل بیت کے شہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لوگوں نے بڑی تعداد میں لنگر بھی تقسیم کیا جس میں بریانی، دال چاول، پالک گوشت، نان حلیم بڑی مقدار میں تقسیم کی گئی۔

 سبیل اور لنگر لگانے والے افراد کا کہنا تھا کہ وہ ہر سال امام حسین اور اہل بیت کی یاد میں لنگر اور سبیل کا اہتمام کرتے ہیں، عاشقان رسول اور اہل بیت کی یاد میں دنیا بھر میں مسلمان لنگر اور سبیلوں کا اہتمام کرتے ہیں ،شہریوں کی جانب سے حلیم، بریانی، زردہ، روسٹ، دال چاول اور پالک کی دیگیں خصوصی آرڈر پر تیار کروائی جاتی ہیں.

جلوسوں میں شریک عزاداران حسین نے بتایا  کہ لنگر کا اہتمام خصوصی طور پر جلوس کے روٹ پر کیا جاتا ہے ،  انہوں نے بتایا کہ ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق اس میں حصہ لیتا ہے،  نذر و نیاز کا یہ سلسلہ چودہ سو سال سے جاری ہے، عزاداران حسین و اہلیان اسلام کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ تا قیامت جاری رہے گا۔

لاہور میں دسویں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنی منزل جانب گامزن ہے، جلوس کے راستوں پر سبیل اور لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، ذوالجناح کا مرکزی جلوس اندرون لاہور نثار حویلی سے برآمد ہوا  جو  مغرب کے وقت کربلا گاما شاہ پر اختتام پذیر ہوگا پھر شام غریباں برپا کی جائے گی۔