ایک نیوز:وزیراعظم شہبازشریف نےیوم عاشور پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ عاشورہ کا دن بے شمار فضائل اور تاریخی واقعات کے باعث خاص اہمیت کا حامل ہے ،نواسہ رسولﷺ نے حق و باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دیکر حق کو فتح سے سرفراز کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کربلا کے میدان میں شہیدوں کے لہونے ثابت کیا حق لازوال،باطل مٹنے کیلئے ہے ،واقعہ کربلا مومن کے دل پر نقش ہےجوسچائی اورانصاف کیلئے دی گئی قربانی کی یادگار ہے، فلسطین کے لوگ عظیم مقصد کیلئے بے پناہ مشکلات برداشت قربانیاں دے رہے ہیں ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تجزیہ کرنا چاہیے کون سےعناصر مفادات کیلئے اتحاد و اتفاق کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ،اندرونی و بیرونی خطرات کے پیش نظر مسلکی،لسانی،اختلافات کو بھلانا ہوگا ،ایثار و قربانی، مساو ا ت ،رواداری،اتحاد،نظم و ضبط جیسے اعلیٰ اوصاف کو فروغ دینا ہوگا ۔
آئیے! حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی قربانیوں سے درس حاصل کریں ،آزمائشوں میں بہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں ،دعا ہے اللہ ہمیں حضرت امام حسین ؓ کے نقش قدم پر چلنے کی توقیق عطا فرمائے ،اللہ ہمیں اسلام و پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کوشش کرنے کی توفیق عطافرمائے۔
صدر مملکت آصف زرداری
صدر مملکت آصف زرداری نےعاشورہ پر پیغام میں کہا کہ یوم عاشور حضرت امام حسین کی میدان کربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتاہے ،حضرت امام حسینؓ کے وفادار ساتھی ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ گئے، شہدا کربلا نے اسلامی اقدار کے احیا،امت کے حقوق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، حضرت امام حسینؓ کی شہادت میں امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے، آپؓ نے مشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ حق بلند کیا ۔
صدر کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ نے ظلم کےخلاف آواز اٹھانے،آزمائشوں میں ثابت قدم رہنے کا درس دیا، حضرت امام حسینؓ اور ان کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں ،آپؓ نے دین کی خاطر جان و اہل عیال کی قربانی گوارا کی مگر ظالم کے آگے سرنہیں جھکایا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا یوم عاشور کے جلوس پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ انسانی تاریخ میں عظیم ترین قربانی کو یاد رکھا جائے گا،آج نبی اکرم ﷺ کی امت کی بہت بڑی تعداد کربلا میں حسین کی سنت کو تازہ کر رہی ہے،غزہ میں خواتین کے سروں سے چادریں چھینی جا رہی ہیں،بچوں کے گلے کاٹے جا رہے ہیں ،ہزاروں کی تعداد میں بچے یتیم ہو رہے ہیں ،دنیا س وقت یزید کے ساتھ ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ1400 سال کے بعد یہ واقعہ ہے ،فلسطینوں نے حسینیت کی یاد تازہ کی ہے، کربلا کی یاد تازہ کی،37ہزار بچے قربان کر دئیے ،یزید کے سامنے سر نہیں جھکایا،یزیدیت کا مقابلہ ہوتا رہے گا فتح حسینیت کی ہو گی،اس سنت کی آبیاری خون سے کرنا پڑتی ہے،خون اس وقت فلسطینی دے رہے ہیں ،غزہ کے مسلمان دے رہے ہیں ،عالم سلام زبانی جمع خرچ کر رہا ہے ،وہ ہی تاریخ دوہرائی جا رہی ہے اس وقت بھی لوگ مصلحتوں کا شکار ہوئے اقتدار کے سامنے سر جھکایا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم عاشور پر پیغام میں کہا کہ نواسہ رسول امام حسینؓ نے اپنے اہل و عیال اور اصحاب کے ساتھ حق کی خاطر جام شہادت نوش کیا،واقعہ کربلا حق و سچ کی سرفرازی و سربلندی کی عظیم ترین داستان ہے،امام حسینؓ کا فلسفہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ نے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی درس دیا ہے ،نواسہ رسول امام حسینؓ نے باطل کے سامنے سر نہ جھکاکر دین اسلام کو زندہ رکھا،یہ دن ہمیں صبر و برداشت اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے،امام حسینؓ کی شہادت صدائے انقلاب ہے جو ہر دور میں بلند ہوتی رہے گی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کاکہنا تھا کہ امام حسین ؓ کی زندگی پیغام دیتی ہے کہ راہ حق میں آنے والی تمام
آزمائشوں کو برداشت کرنا چاہیے، یزیدی قوتیں آج نئے روپ کے ساتھ اپنے مذموم عزائم عزائم کی تکمیل کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں، سب کو امام حسین کی درخشاں تعلیمات پر عمل کرکے ان قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہے، معرکہ کربلا پیغام دیتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار اور اصولوں کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم عاشور پر اپنےپیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین اور رفقاء کی قربانی ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کا دیرینہ پیغام ہے،یہ دن ہم سب کے لیے حق، انصاف، اور صداقت کے اصولوں کو قائم رکھنے کا یادگار ہے،حضرت امام حسین (ع) اور ان کے خاندان کے قربانیاں تمام انسانیت کے لیے روشنی کا چراغ ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہداء کربلا کی ظالم کے خلاف جدوجہد کی کہانی ہر مظلوم انسان کی درسگاہ ہے، امام حسین اور ان کے گھرانہ اسلامی اقدار کی حفاظت، انصاف، ہر ظلم کے خلاف کربلا میں لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، امام حسین کا پیغام ظلم کے خلاف اتحاد، امن اور آہنگی ہے،کربلا کی قربانی انتشار پسندی سے انکار کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے،کربلا کا پیغام ہے کہ امت مسلمہ کو انتشار پھیلانے والوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا امن و سلامتی اور عظیم قربانی کا درس دیتاہے،واقعہ کربلا اسلام کی سربلندی کی سب سے بڑی نظیر ہے،واقعہ کربلا دنیا ئے عالم کے مسلمانوں کومتحد ہونے کا درس دیتا ہے، ملک کو اس وقت سب سے بڑا خطرہ دہشتگردی سے ہے، ہمیں ایک ہوکر اس کا خاتمہ کرنا ہے۔