ایک نیوز:پاک فوج کے شعبہ آئی ایس پی آرکے مطابق 15جولائی2024کوبنوں کنٹونمنٹ پر دہشتگردوں کے خود کش حملے کے نتیجے میں شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کونماز جنازہ ادا کرنے کے بعد سپردخاک کر دیا گیا۔
جوانوں میں نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید (عمر 44 سال، ساکن ضلع پونچھ، آزاد کشمیر)، حوالدار شہزاد احمد شہید (عمر 28 سال، ساکن ضلع نیلم، آزادکشمیر)، حوالدار ظل ِحسین شہید (عمر 39 سال، ساکن ضلع خوشاب)، سپاہی ارسلان اسلم شہید (عمر 26 سال، ساکن ضلع بہاولپور)، سپاہی اشفاق حسین خان شہید (عمر 30 سال، ساکن ضلع مظفرآباد، آزاد کشمیر)، سپاہی سبحان مجید شہید ( عمر 22سال، ساکن ضلع مظفرآباد، آزاد کشمیر)، سپاہی امتیاز خان شہید (عمر30سال، ساکن ضلع کرک) اور فرنٹئیر کانسٹبلری کے لانس نائیک سبز علی خان شہید (عمر34سال، ساکن ضلع لکی مروت)شامل ہیں۔
شہداء کی نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئرافسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مادرِ وطن سے دہشتگردی کی لعنت اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی ،شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔
خیال رہے کہ 15 اور 16 جولائی 2024 کی درمیانی شب ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کِری شموزئی میں دیہی ہیلتھ سینٹر پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملےکو ناکام بناتے ہوئے شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونے والے پاک فوج کےنائب صوبیدار محمد فاروق شہید (عمر: 44 سال، ساکن ضلع نارووال) اور سپاہی محمد جاوید اقبال شہید (عمر: 23 سال، ساکن ضلع خانیوال) اپنے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
شہداء کی نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئرافسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔