ملک بھر میں یومِ عاشور پر جلوس و مجالس جاری، سکیورٹی سخت

ملک بھر میں یومِ عاشور پر جلوس و مجالس جاری، سکیورٹی سخت
کیپشن: On the day of Ashura, processions and gatherings are going on all over the country, security is tight

ایک نیوز:نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور انکے جانثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن پر ملک کے مختلف شہروں میں مجالس عزا ہو رہی ہیں ،یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور اس موقع پر متعدد شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند رکھی گئی ہے۔

لاہور
لاہورمیں یوم عاشورکے موقعہ پر صوبہ بھر میں عزاداری جلوس سخت سکیورٹی حصار میں اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں ہیں،لاہور سمیت صوبہ بھرمیں سکیورٹی ہائی الرٹ، حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات ہے۔
 ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور پنجاب پولیس کے 01 لاکھ 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی پر تعینات ہیں، لاہور میں 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں،علما کرام، کمیونٹی لیڈرز، سکیورٹی ایجنسیز و اداروں کے تعاون سے یوم عاشور کا پرامن انعقاد یقینی بنائیں گے۔
یوم عاشور پر صوبہ بھر میں 2730 عزاداری جلوس برآمد، 2500 سے زائد مجالس منعقد ہو رہی ہیں،  اے کیٹیگری کے 415، بی کیٹیگری کے 591، سی کیٹیگری کے 1724 عزاداری جلوس شامل ہیں، اے کیٹیگری کی 293، بی کیٹیگری کی 589، سی کیٹیگری کی 1762 مجالس شامل ہیں،صوبائی دارالحکومت میں یوم عاشور پر 46 عزاداری جلوس برآمد، 227 مجالس منعقد ہو رہی ہیں۔
سی ٹی ڈی کے 700، سپیشل برانچ کے 1500، ٹریفک پولیس 5572 اہلکار، 32104 والنٹیرز یوم عاشور سکیورٹی انتظامات پر مامور ہیں، پرامن یوم عاشور اور محرم الحرام یقینی بنانے کے لئے پنجاب پولیس کو پاکستان آرمی اور رینجرز کی معاونت بھی حاصل ہے،دفعہ 144 کے نفاذ سمیت تمام حکومتی ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔    
ملتان
ملتان میں یوم عاشورہ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے ،شہر بھر میں علم ،شبیعہ ، ذوالجناح، تعزیے کے 116جلوس برآمد ہونگے ،شہر بھر میں 130مجالس برپا ہونگی 21جلوس ،81مجالس کو حساس قرار دے دیا گیا ،سیکورٹی کے لیے 6ہزار سے زائد پولیس اہلکار وافسران تعینات ہیں۔
سیالکوٹ    
سیالکوٹ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ در بتول اڈا پسروریاں سے 10 بجے برآمد ہوا، ضلع بھر میں 77مجالس منعقد ہونگی جبکہ 87جلوس برآمد ہوں گے،اے کیٹگری میں آٹھ مجالس اور 16 جلوس شامل ہیں، جلوس کی سکیورٹی کے لئے تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔
جلوس کے داخلی و خارجی راستوں کو خار دار تاریں اور قناتیں لگا کر سیل کر دیا جائے گاجلوس کی سکیورٹی کو تین لئیرز میں تقسیم کیا گیا ہےجلوس میں داخل ہونے والے افراد کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد جلوس میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔    
کوئٹہ
کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں یوم عاشورمذہبی عقیدت واحترام سے منایاجارہاہے،10ویں محرم کامرکزی جلوس چوک شہداء علمدار روڈسے برآمدہوا، جلوس میں مختلف امام بارگاہوں کے تقریبا 30دستے شامل ہیں ،یوم عاشور کے جلوس کی قیادت بلوچستان شعیہ کانفرنس کے صدر جواد رفیفی کررہے ہیں ۔
 مرکزی پڑائو باچاخان چوک پہنچنے پر علماءکرام اہل بیعت کی قربانی پر روشنی ڈالیں گے ، باچاخان چوک پر نمازظہرین اداکی جائے گی ، جلوس کے روٹ پرتمام کاروباری مراکزسیل ، جلوس کے روٹ کی نگرانی 220 سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جارہی ہے،یوم عاشورکے موقع پر شہرکی 800سو سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جاری ہے۔
جلوس کے روٹ پر 4ہزارسے زائد پولیس ،ایف سی ، بی سی اورسادہ کپڑوں پر اہلکارتعینات ہیں، جلوس کے روٹ کی فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ پاک فوج سٹینڈ بائی ہے ،یوم عاشور کے موقع پر سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ، جلوس کے روٹ پر مشروبات ، بریانی اور فروٹ کی سبیلیں لگائی گئی ہیں۔
فیصل آباد
فیصل آباد میں یوم عاشور پر 153 جلوس اور 25 مجالس منعقد کی جائیں گی، جلوسوں اور مجالس کی سیکورٹی کیلئے 4 ہزار 639 پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں، دسویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عزا خانہ شبیر دھوبی گھاٹ سے برآمد ہو گا۔
مرکزی جلوس کے روٹ کی سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،مرکزی جلوس کے روٹ کو ایک کلومیٹر دور سے مکمل طور پرسیل کیا گیا ہے۔ 

راولپنڈی 
راولپنڈی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس کمیٹی چوک عاشق حسین امام بارگاہ سے برآمد ہوا، جلوس سے قبل امام بارگاہ میں مجلس عزاء برپا ہو گی، علماء و ذاکرین واقعہ کربلا بیان کرینگے ،شبیہ ذوالجناح کا ماتمی جلوس دن ساڑھے گیارہ بجے کمیٹی چوک سے برآمد ہوا۔
جلوس میں عزاداران امام حسین علیہ السلام کو پرسہ دینگے ،علم،شبیہ ذوالجناح و دیگر تبرکات جلوس میں موجود ہونگے ،کرنل مقبول امام بارگاہ سے برآمد ہونیوالا جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہوگا ، جلوس اپنے روایتی راستوں کمیٹی چوک،عالم خان روڈ،کالج روڈ،ٹرنک بازار سے ہوتا ہوا فوارہ چوک پہنچے گا۔
 فوارہ چوک پر نماز ظہرین ادا کی جائیگی ،علماء و ذاکرین فوارہ چوک پر فلسفہ حسینیت بیان کرینگے ،فوارہ چوک سے جلوس اپنے پرانا قلعہ،جامع مسجد روڈ سے ہوتا ہوا قدیمی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔

کراچی
کراچی میں عزادار اور ماتمی انجمنیں نواسہ رسولﷺ کی شہادت پر نوحہ خوانی اور ماتم داری کررہی ہیں، جلوس کے شرکا نماز ظہرین تبت سینٹر پر ادا کرینگے ، جلوس روائتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہوگا ،10 محرم الحرام کے جلوس کی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل لیے گئے۔ جلوس کی گزرگاہوں، مجالس کے مقامات اور اطراف میں موبائل فون سروس معطل ، جلوس کی سیکیورٹی کے لئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ،سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ اور بُلندعمارتوں پر شارپ شوٹرز تعینات ،سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کے راستوں کی چیکنگ کی جائے گی ۔
 ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑا جا رہا ہے،ایم جناح روڑ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، ریگل اور لائٹ ہاؤس کی مارکیٹیں اور دکانیں سیل ، جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ، ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔    
لاہور:دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس رات گئے سے نثار حویلی سے برآمد ہوا۔جو اپنے روائتی راستوں سے ہوتا ہوا محلہ شیعہ پہنچا۔ وہاں پر اذان علی اکبر کے بعد جلوس ہوا ہے۔اس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔    

پشاور
پشاورمیں یوم عاشورہ کی مناسبت سے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں،ماتمی جلوس، مجالس اورتمام روٹس کی کیمروں کےذریعہ بھی نگرانی کی جا رہی ہے، اندرون شہر کو مکمل سیل کرکے سخت چیکنگ جاری ہے، جلوس برآمد ہونے سے قبل تمام روٹس کی بی ڈی یو اور سنیفر ڈاگ کے ذریعے بار بار سویپنگ کی جا رہی ہے۔
امن و امان کے قیام اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پاک آرمی اور ایف سی کی معاونت بھی حاصل ہے، ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،ماتمی جلوس کو تھری لییر سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔