ایک نیوز :دریائے ستلج میں طغیانی سے متاثرہ علاقے تلوار چیک پوسٹ پرالخدمت فاؤنڈیشن نے متاثرین کیلئے میڈیکل کیمپ قائم کردیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کا دریائے ستلج میں طغیانی سے متاثرہ علاقے تلوار چیک پوسٹ کادورہ، سیلاب متاثرین کے لیے قائم میڈیکل کیمپ، تیار کھانے کی تقسیم اور مویشیوں کےلیے چارہ تقسیم سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی، سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی اور الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے پروگرام منیجر آصف جمال سمیت مقامی ذمہ داران موجود تھے۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کاکہناہے کہ حالیہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنے رضاکاروں کو الرٹ کردیا ہے جو حفظ ماتقدم کے طور پر ریسکیو کے ساز و سامان کے ساتھ دریائی علاقوں میں مستعد موجود ہیں۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کاکہنا تھا کہ دریائے سندھ کے مختلف مقامات سمیت دریائے ستلج، دریائے راوی اور دریائے چناب کے نواحی علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں الخدمت فاؤنڈیشن کی ریسکیو ٹیمیں ضروری ساز و سامان کے ساتھ مستعد موجود ہیں۔
اکرام الحق سبحانی کاکہنا تھا کہ پَری مون سون کے پہلے سپیل میں 8 اور 9 جولائی کو ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں18 ہزار زیر کاشت رقبہ زیر آب آگیا جس سے مونجی کی فصل کو نقصان پہنچا ہے۔تلوار چیک پوسٹ کا علاقہ 20 سے 22 دیہات پر مشتمل ہے جہاں 5 سے 6 ہزار نفوذ پر مشتمل آبادی متاثر ہوئی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے تلوار چیک پوسٹ کے مقام پر ریلیف کیمپ قائم کیا جہاں متاثرین کےلیے تیار کھانے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت میڈیکل کیمپ اور لائیو سٹاک کےلیے خوراک فراہمی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر 400 سے 500 لوگوں میں کھانا اور معائنےکے بعد مفت ادویات تقسیم کی جا رہی ہیں ۔