"پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز" پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت بنا لی

Jul 17, 2023 | 15:16 PM

 ایک نیوز : پی ٹی آئی کے سابق رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین بنانے کا اعلان کردیا۔ پرویز خٹک سربراہ مقررہوں گے۔
ایک بیان میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کےوجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے، تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا سے مکمل خاتمہ ہوگیا ہے۔

پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نے اعلامیہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ 10 سال سے حکومت کرنے والی پارٹی صوبے کی سیاست سے ہی آؤٹ ہوگئی۔

 اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا میں نئی سیاسی پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا نام پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹرینز ہے اور پرویز خٹک کو سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔سابق وزیراعلیٰ کےپی محمودخان، سابق وزرا اوردرجنوں ارکان شامل ہوئے ہیں جبکہ نئی پارٹی میں گزشتہ حکومت سے وابستہ 57 سے زائد اراکین اسمبلی شامل ہیں اور مزید شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اعلامیے کے مطابق نئی پارٹی کا قیام سانحہ 9 مئی پر پی ٹی آئی میں اختلافات اور احتجاج کی صورت سامنے آیا، نئی پارٹی میں شامل سیاسی رہنما سابق وزیراعظم عمران خان کو سانحہ 9 مئی کا ذمہ دارقرار دے رہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کے ملک دشمن ایجنڈے کو عوام اور پارٹی کی قیادت نے مسترد کردیا، سانحہ 9 مئی پر محب وطن سیاست دانوں نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کردیں۔

 ذرائع کے مطابق پرویزخٹک نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری سے بھی رابطہ کیا۔

سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ سے ملاقات اور انہیں  اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی دعوت پر ہشام انعام اللہ نے کہا کہ آپ مجھے پی ٹی آئی میں لائے، بعد میں میری حمایت نہیں کی اس پر پرویز خٹک نے کہا کہ مجھے سائیڈ لائن کیا گیا تھا، میرے ساتھ بھی برا ہوا ہے۔

 

 اندرونی ذرائع کے مطابق قبائلی رہنما بھی اور ٹرائبل ایریا سے ارکان اسمبلی بھی پرویزخٹک کی نئی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا اعلان کرینگے ۔ رپورٹ کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے بعد نئی سیاسی جماعت کو  خیبر پختونخوا میں بہت بڑی سیاسی ڈویلپمنٹ  قرار دیا جارہا ہے۔

مزیدخبریں